کراچی ،تبدیلی سرکار نے غریب عوام کو تبدیلی کی جھوٹے نعروں میں الجھا کر انکے منہ کا نوالہ تک چھین لیا،ڈاکٹر نگہت فاطمہ

جمعہ 21 جون 2019 23:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جون2019ء) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان)کی جوائنٹ سیکریٹری ڈاکٹر نگہت فاطمہ نے لائنز ایریا زون کے دورے کے موقع پر خواتین اور بزرگوں سے ملاقات میں کہا کہ تبدیلی سرکار نے غریب عوام کو تبدیلی کی جھوٹے نعروں میں الجھا کر انکے منہ کا نوالہ تک چھین لیاجبکہ پیداہونے سے مرنے تک ہر کام اور ہر چیز پر ٹیکسزکے نفاذنے عوام کی چیخیں نکال دینے والے بیا ن کو سچ کر دکھایا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے معاشی و اقتصادی پالیسیوں کو بہتر بنانے کے بجائے آئی ایم ایف اور دیگر ممالک سے قرضوں اور امداد کا آسان راستہ اختیار کر نا ملک کی سلامتی اور عزت داؤپر لگانے کے مترادف ہے،جسے کسی طور قبول نہیں کیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرنگہت فاطمہ نے کہا کہ ڈالر ،پیٹرول،بجلی کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے کے بعد گیس کی قیمتوںمیں 200فیصد اضافے کی سمری عوام دشمنی پر مبنی ہے حکومت کی جانب سے 5550ارب کی ٹیکسز وصولی کے ہد ف کو پورا کرنے کیلئے ملک کے چوروں اور لٹیرورںکو پکڑنے کے بجائے غریب آدمی کی گردن دبوجناانصاف کا خون ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10ماہ میں ہونے والی مہنگائی اور موجودہ اکنامک پالیسی کا جائزہ لیا جائے تو حکومتی نااہلی اور بدنیتی کا بخوبی اندازہ لگا یا جاسکتا ہے،بجٹ میں عوام پر مہنگائی بم گرانا تو اپنی جگہ بجٹ سے پہلے اور اب اسکے بعد ہونے والا اضافہ عوام کی چیخیںبھی سینے میںہی دفن کریگا۔ڈاکٹر نگہت نے کہا کہ دوسری جانب اگر ہم کراچی کے نام نہاد مسیحاؤں اور عوامی مینڈٹ رکھنے کے دعویداروں کی بات کریںتو وہ بھی موجودہ حکمرانوں کے گناہوں اور غریب عوام پر ظلم کے پہاڑ گرانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج جب کہ عوام پر مہنگائی اور ناانصافی کے نشتر برسائے جارہے ہیں ایسے میں عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کے بجائے اپنی ماضی کی رویش کو برقرار رکھتے ہوئے ذاتی مفادات اور محض وزارت کے حصول کیلئے عوام دشمن بجٹ اور انکی کالے نظام و پالیسیوں کی توثیق کرکے عوام کی امیدوں اور خواہشات کا جنازہ نکالنے کوتیار کھڑے ہیں۔ #