مقبوضہ کشمیر ، ورکنگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی نامعلوم غنڈوں کی طرف سے فوٹو جرنلسٹوں پر تشدد کی مذمت

ہفتہ 22 جون 2019 12:58

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2019ء) مقبوضہ کشمیر کے ضلع اسلام آباد میں قائم ’’ ورکنگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن ‘‘ نے نامعلوم غنڈوں کی طرف سے فوٹو جرنلسٹوں پر تشدد کی شدید مذمت کی ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایسوسی ایشن کے سینئر رکن فیاض احمد اور فوٹو جرنلسٹ روحیل آہنگر نے ایک بیان میں کہا کہ وہ ڈسٹرکٹ ہسپتال اسلام آباد کے احاطے کے اندر ایک پروگرام کی کوریج کر رہے تھے کہ اس دوران کچھ نامعلوم غنڈوں انہیں اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی سے روکا اور انہیں تشدد کا نشانہ بنانے کے علاوہ ان کے سیل فون بھی توڑ دیے ۔

ورکنگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن اسلام آباد نے کہا کہ یہ واقعہ ضلع کے تمام صحافیوں کے لیے انتہائی تشویش کا باعث ہے ۔ بیان میں بھارتی پولیس پر زور دیا گیا کہ وہ بہیمانہ واقعے کے مجرموں کوجلد ا ز جلد سامنے لائے۔