370اور 35 اے کی منسوخی سے مقبوضہ کشمیر کے حالات مزید ابتر ہوں گے، انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار سٹریٹیجک سٹیڈیز

ہفتہ 22 جون 2019 13:10

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2019ء) لند ن کے ’’انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار سٹریٹیجک سٹیڈیز‘‘ ( آئی آئی ایس ایس) میں منعقدہ ایک سیمینار کے مقررین نے کہا ہے کہ بھارتی آئین کی دفعات 370اور 35 اے کی منسوخی سے مقبوضہ کشمیر کے حالات مزیدخراب ہوں گے اور احتجاجی مظاہرے شدت اختیار کریں گے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق370 اور 35جموںوکشمیر کو خصوصی حیثیت دلاتے ہیں اور غیر کشمیریوںکو مقبوضہ علاقے میں جائیداد کی خریداری سے روکتے ہیں۔

’’نریندرا مودی حکومت کی خارجی ودفاعی ترجیحات‘‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے’’ آئی آئی ایس ایس‘‘کے جنوبی ایشائی امور کے سینئر رکن راہول رائے چودھری نے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی اسٹیبلشمنٹ نے پاکستان سے بات چیت میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر کے مسئلے کو ایڈرس کرنے کیلئے دونوں ملکو ں کے درمیان پس پردہ کوششیں کی جانی چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ نریندرا مودی کی حکومت کو 35 اے اور 370 کو منسوخی کرنے کے اپنے موقف پر نظر ثانی کرنی چاہیے کیوں کہ اگر ایسا کیا گیا تو اس سے مقبوضہ علاقے میں آبادی کا تناسب بگڑ جائے گا اور علاقے میں احتجاج شدت اختیار کرے گا اور کشمیری نوجوانوں میں انتہا پسندی بڑے گی۔ سیمینار سے ’’آئی آئی ایس ایس‘‘ کے ریسرچ فیلوز انٹونی لیسوگس اور اور ویراج سولنکی نے بھی خطاب کیا۔