مسلم لیگ (ن) بتائے کہ اس نے اپنے گزشتہ پانچ سال میں پی آئی اے اور سٹیل ملز کے لئے کیا کیا، ثنااللہ مستی خیل

ہفتہ 22 جون 2019 14:56

مسلم لیگ (ن) بتائے کہ اس نے اپنے گزشتہ پانچ سال میں پی آئی اے اور سٹیل ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2019ء) تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ثناء اللہ مستی خیل نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) بتائے کہ اس نے اپنے گزشتہ پانچ سال میں پی آئی اے اور سٹیل ملز کے لئے کیا کیا‘ پاکستان کے غریب عوام نے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو ان کی کارکردگی کی وجہ سے شکست دی‘ جمہوریت میں احتساب ضروری ہے اور یہ جمہوریت کی بقاء اور اساس ہے۔

جمعہ کو قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے تحریک انصاف کے رکن ثناء اللہ مستی خیل نے کہا کہ ورثہ میں تباہ حال اور لڑکھڑاتی معیشت ہمیں ملی۔ پاکستان کی تباہ حالی کا ذمہ دار حکمران طبقہ ہے۔ 40 سالوں تک سیاہ و سفید کے مالک اس کے ذمہ دار ہیں۔ 2008ء میں6 ہزار ارب روپے کے قرضے کیسے 30 ہزار ارب روپے تک پہنچے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) کو عوام نے غربت‘ مہنگائی‘ بیروزگاری‘ پسماندگی کے خاتمے کے لئی5 سال دیئے۔

انہوں نے معیشت کا بیڑہ غرق کردیا۔ عوام نے 2018ء میں انہیں مسترد کردیا اور تحریک انصاف کو کامیابی دی۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں لگا‘ ان کے نام پر 40سال ملک کو کھایاگیا۔ انہوں نے اشرافیہ کلچر پروان چڑھایا۔ مسلم لیگ (ن) بتائے 5 سال میں پی آئی اے اور سٹیل ملز کے لئے کیا کیا۔انہیں پاکستان کے غریب عوام نے شکست دی۔ جمہوریت میں احتساب ضروری ہے یہ جمہوریت کی بقاء اور اساس ہے۔جس نے پاکستان کو لوٹا ہے اس کا احتساب ہونا چاہیے۔ جن لوگوں نے این آر او کیا ان سے سب آگاہ ہیں۔ سیاست خدمت کا پیشہ تھا بعض کالی بھیڑوں نے اس مقدس پیشہ کو بدنام کیا۔ میں جس کے ساتھ ہوں وہ کرپٹ ہو تو میں آنکھیں بند نہیں کر سکتا۔