ملائشیئن تنظیم مجلس پیروندنگن پرتبوہن اسلام ملائیشیا کے ایک وفد کا یوتھ فورم فار کشمیر کے مرکزی دفتر کا دورہ

ہفتہ 22 جون 2019 16:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2019ء) ملائشیئن تنظیم مجلس پیروندنگن پرتبوہن اسلام ملائیشیا کے ایک 12رکنی وفد نے ہفتہ کو یہاں یوتھ فورم فار کشمیر( وائے ایف کے ) کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا جہاں انہیں مسئلہ کشمیر پر بریفنگ دی گئی۔ یوتھ فورم فار کشمیر کے میڈیا انچارج محمد حسان نے کشمیر کے حوالے سے وائے ایف کے، کے کام اور مختلف سرگرمیوں کے حوالے سے وفد کو تفصیلات سے آگاہ کیا جبکہ ڈیجیٹل میڈیا انچارج غلام شبیر نے وفد کو کشمیر کیلئے سوشل میڈیا پر کیئے جانے والے کام کے حوالے سے بریفنگ دی۔

یوتھ فورم فار کشمیر کے لابیسٹس کی ٹیم جو کشمیر کے حالات کے تناظر میں اقوامِ متحدہ کے ساتھ کام کر رہی ہے، نے وفد کو بھارتی مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر ایک تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وائے ایف کے نے ایک تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا جس میں موجود تمام تصاویر باقاعدہ تصدیق شدہ تھیں اور تاریخ و تفصیل کے ساتھ پیش کی گئیں تھیں، جو کہ بین الاقوامی مستند فوٹو جرنلسٹس نے بھارتی مقبوضہ کشمیر میں اپنے کیمرے میں محفوظ کی تھیں۔

12رکنی وفد کو یوتھ فورم فار کشمیر کی جانب سے تیار کردہ دستاویزی ریسرچ بھی پیش کی گئی جو مسئلہ کشمیر کے ان پہلوؤں کو اجاگر کرتی ہے جن میں فوری انسانی توجہ کی اشد ضرورت ہے۔ ملائشیئن وفد نے یوتھ فورم فار کشمیر کے کام سراہتے ہوئے کشمیر کیلئے اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ واضح رہے کہ یوتھ فورم فار کشمیر ایک غیر جانبداربین الاقوامی این جی او ہے جو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پٴْر امن حل کیلئے کوشاں ہے۔