سابق وزیراعظم نواز شریف نے ضمانت کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا

نواز شریف کی قانونی ٹیم اسلام آباد ہائیکورٹ کے تحریری فیصلے کی منتظر ہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 22 جون 2019 17:19

سابق وزیراعظم نواز شریف نے ضمانت کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 جون 2019ء) : سابق وزیراعظم نواز شریف نے ضمانت منسوخی کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے ضمانت منسوخی کے بعد سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی قانونی ٹیم تاحال اسلام آباد ہائیکورٹ کے تحریری فیصلے کی منتظر ہے۔

تحریری فیصلہ موصول ہوتے ہی سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا جائے گا۔ نواز شریف کے وکلا تحریری فیصلے کی نقل حاصل ہونے کے بعد سپریم کورٹ میں دائر کی جانے والی اپیل کی تیاری کریں گے۔ اپیل خواجہ حارث کے ذریعے سپریم کورٹ میں دائر کی جائے گی۔ جس میں استدعا کی جائے گی کہ نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت منظور کرتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے ۔

(جاری ہے)

نواز شریف کے وکلا کافی پُر اُمید ہیں کہ سپریم کورٹ سے نواز شریف کو ضمانت مل جائے گی۔ یاد رہے کہ 20 جون کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی ڈویژن بینچ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست مسترد کی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کی درخواست ضمانت ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کیا تھا اور کہا تھا کہ طبی بنیادوں پر رہائی کی درخواست قابل سماعت نہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی نواز شریف نے سپریم کورٹ سے ضمانت کی درخواست کی تھی جس پر سپریم کورٹ نے انہیں علاج کے لیے 6 ہفتے کی مشروط ضمانت دے دی تھی۔جس کے بعد نواز شریف نے سپریم کورٹ میں ضمانت میں توسیع کی درخواست بھی دی تھی جسے مسترد کر دیا گیا تھا۔