Live Updates

میثاق معیشت کا حامی ہوں، سابق وزیر خزانہ اسد عمر کی بجٹ کے سلسلہ میں تقریر کی تائید کرتا ہوں تاہم عوام کو گھی، چینی، بجلی، گیس سمیت اشیائے ضروریہ میں ریلیف ملنا چاہیئے،

بھارت نے یاتریوں کو روک کر زیادتی کی، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد

ہفتہ 22 جون 2019 18:12

میثاق معیشت کا حامی ہوں، سابق وزیر خزانہ اسد عمر کی بجٹ کے سلسلہ میں ..
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2019ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میثاق معیشت کا حامی ہوں، کوشش ہے کہ بجٹ میں غریب کو رعایت دلا سکیں، سابق وزیر خزانہ اسد عمر کی بجٹ کے سلسلہ میں تقریر کی تائید کرتا ہوں لیکن طریقہ اپنا اپنا ہے تاہم عوام کو گھی، چینی، بجلی، گیس سمیت اشیائے ضروریہ میں ریلیف ملنا چاہیئے، ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ بھارت نے یاتریوں کو روک کر زیادتی کی ہے، پاکستانی حکومت یاتریوں کیلئے رہائش کا بھی بندوبست کر رہی ہے اور گوردوارہ تک سڑک دینے کیلئے بھی تیار ہے، علاوہ ازیں یاتریوں کو ایسی سہولیات مہیا کریںگے کہ وہ خود کو گھر میں محسوس کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز کی ’’ابو بچائو مہم‘‘ کے حوالے سے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری اور نواز شریف کی رہائی ہونے یا نہ ہونے کا علم نہیں تاہم اگر ’’ابو بچائو مہم‘‘ چلانے سے بچوں کی کمپنی کی مشہوری ہوتی ہے تو اس پر کوئی اعتراض نہیں اور اگر بچوں کا ’’ٹک ٹاک‘‘ پروگرام چل بھی جائے تو کیا ہرج ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی اے پی سی کی تاریخ آئے گی تو سب کو پتہ چل جائے گا یہ صرف میڈیا میڈیا اور ٹی وی ٹی وی کھیلنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے علاوہ اس وقت کوئی آپشن نہیں ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ تقریریں کرنا اپوزیشن کا حق ہے، دو لوگوں نے آج تک پارٹی نہیں بدلی ان میں ایک شیخ رشید اور دوسرا برادر یوسف شامل ہیں، باقی کسی نے پارٹی بدلی اور کسی نے اپنا بیانیہ بدل لیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات