Live Updates

اپوزیشن کے ساتھ ''میثاق معیشت ''کا یہ مطلب نہیں کہ احتساب رک جائیگا،

اسد عمر سے پارٹی یا حکومت کے کوئی اختلاف ہیں اور نہ ہی ان کی بجٹ تقر یر پارٹی پالیسی کیخلاف ہے،عمران خان کی ڈکشنری میں ''ڈیل یا ڈھیل ''کا کوئی لفظ نہیں، (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی والوں نے ایک دوسرے کیخلاف خود مقدمات بنائے، حکومت کسی کو انتقام کا نشانہ نہیں بنا رہی ،نیب ہمارے لوگوں کو بھی پکڑ رہی ہے ،اس کے باوجود کسی کیخلاف کوئی احتجاج نہیں کر رہے ،گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور کی وفود سے گفتگو

ہفتہ 22 جون 2019 18:17

اپوزیشن کے ساتھ ''میثاق معیشت ''کا یہ مطلب نہیں کہ احتساب رک جائیگا،
لاہور۔22 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2019ء) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے ساتھ ''میثاق معیشت ''کا یہ مطلب نہیں کہ احتساب رک جائیگا،اسد عمر سے پارٹی یا حکومت کے کوئی اختلاف ہیں اور نہ ہی انکی بجٹ تقر یر پارٹی پالیسی کے خلاف ہے،عمران خان کی ڈکشنری میں ''ڈیل یا ڈھیل ''کا کوئی لفظ نہیں اس لیے کوئی ڈیل یا ڈھیل کی توقع نہ رکھے ،(ن) لیگ اور پیپلزپارٹی والوں نے ایک دوسرے کے خلاف خود مقدمات بنائے، حکومت کسی کو انتقام کا نشانہ نہیں بنا رہی ،نیب ہمارے لوگوں کو بھی پکڑ رہی ہے مگر اس کے باوجود کسی کے خلاف کوئی احتجاج نہیں کر رہے ہیں کیونکہ ہم شفاف اور بلاتفر یق احتساب پر یقین رکھتے ہیں۔

وہ ہفتہ کے روز تحر یک انصاف سرگودھا ،میانوالی اور خوشاب سمیت دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی ،ٹکٹ ہولڈرز اور پارٹی کارکنان سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ، اس موقع پر وزیر اعظم کے مشیر ندیم افضل چن ،ایم این اے عامر سلطان چیمہ ،ایم پی ایزعنصر مجید نیازی،فیصل چیمہ ،افتخار گوندل ،انعام الحق پراچہ اور حسن پر اچہ سمیت خواتین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پینے کا صاف پانی عوام کا بہت بڑ امسئلہ ہے جس کے حل کیلئے پنجاب آب پاک اتھارٹی قائم کردی ہے جو پانچ سالہ حکومت کے دورمیں عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کر نے کا وعدہ پورا کر ے گی جس کے لیے بجٹ میں8ارب روپے کے فنڈز رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی سیاحت کے معاملے میں ہم صرف پنجاب میں سالانہ 3ارب ڈالرز سے زائد حاصل کر نے کیلئے منصوبہ بندی کر رہے ہیں اور پورے پنجاب میں سکھوں کے ساتھ ساتھ ہندو ،مسیحی سمیت تمام اقلیتوں اور مسلمانوں کے مقد س مذہبی مقامات پر سیاحت کو فروغ دیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران گورنر نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ معیشت کے حوالے سے حکومت کو بہت چیلنجز ہیں اور جب ہم اقتدار میں آئے تو پاکستان کے دیوالیہ ہونے کی باتیں ہورہی تھیں مگر ہم نے آئی ایم ایف سے قر ضہ لیے بغیر پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ، اگر حکومت اور اپوزیشن کے در میان میثاق معیشت ہو رہا ہے توخوش آئند ہے مگر میں ایک بات واضح کر دینا چاہتا ہوںکہ میثاق معیشت کے باوجود ملک میں شفاف اور بلاتفر یق احتساب جاری رہیگا اور ملک کو ہر صورت کر پشن کے کینسر سے مکمل نجات دلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نیب یا دیگر اداروں کیساتھ ملی ہوتی تو نیب والے ہمارے لوگوں کونہ پکڑتے ۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمرا ن خان بار بار یہ کہہ چکے ہیں کہ کسی بھی فورم اور کسی بھی سطح پر کر پشن کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔ایک سوال کے جواب میں گور نر نے کہا کہ اس وقت کسی اور نہیں صرف کر پشن کے خلاف اتحاد کی ضرورت ہے اور اگر اپوزیشن ملک میں کر پشن کے خاتمے کی حامی ہے توا ن کو چاہیے کہ وہ کر پشن کے خلاف آواز بلند کر یں اور احتساب کی راہ میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ڈالی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اقتدارمیں آنے سے پہلے دونہیں ایک پاکستان بنانے کا نعرہ لگایا اور آج موجودہ حکومت اسی مشن کے تحت چل رہی ہے ، انہوں نے مز ید کہا کہ عوام کو مہنگائی اوربے روزگاری سمیت دیگر مسائل سے نجات دلاکر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات