مسلمان بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کیلئے ایک موثر کردار ادا کریں، محمد اشرف صحرائی

ہفتہ 22 جون 2019 18:42

سری نگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2019ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور تحریک حریت جموںوکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے کہا ہے کہ مسلمان بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کیلئے ایک موثر کردار ادا کریں۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد اشرف صحرائی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں ملیشیا کی تنظیم ’’ کنسل ٹیٹو کونسل آف اسلامک آرگنائزیشن‘‘ (ایم سی سی آئی او)کی طرف سے کشمیرکاز کی حمایت اور پارلیمانی کشمیر گروپ کے قیام پر اسکا شکریہ ادا کیا ۔

انہوں نے کشمیریوں کی مشکلات کو اجاگر کرنے کے حوالے سے ’’ایم سی سی آئی او‘‘کے سربراہ محمد عظمی عبدالحامد کی کوششوںکو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نہتے اور معصوم کشمیریوں کی نظریں ہمیشہ مسلم امہ کی طرف لگی رہتی ہیں کہ وہ ان کی مدد کے لیے آگے بڑھے لہذا ملیشیا اور دیگر مسلمان ملکوںکو چاہیے کہ وہ تنازعہ کشمیرکو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کیلئے ایک موثر کردار ادا کریں۔

محمد اشرف صحرائی نے کہا کہ کشمیرپاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ تنازعہ نہیں ہے بلکہ یہ ڈیڑھ کروڑ کے لگ بھگ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا معاملہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ملکوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کے ایک پر امن حل کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔ تحریک حریت کے چیئرمین نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا بھی اس حوالے اہم کردار بنتا ہے کہ وہ کشمیریوں کو انکا حق خود ارادیت دلانے کیلئے بھارتی حکمرانوںپر دبائو ڈالے۔ دریں اثنا محمد اشرف صحرائی نے شدید زالہ باری کے باعث ضلع پلوامہ میں فصلوںکو ہونے والے نقصان پر سخت افسوس کا اظہار کیا۔