Live Updates

مریم نواز نے اپنی ہی جماعت پر خودکش حملہ کیا ہے، ان کا میثاق معیشت کو مذاق قرار دینا اپنے چچا شہبازشریف کا مذاق اڑانا ہے،

ن لیگ دو بیانیوں میں دھنس گئی ہے ، 'مریم صفدر' کو اپنے چچا سے پارٹی کی صدارت سے استعفی بھی طلب کرلینا چاہیے، مریم نواز خود ضمانت پر ہیں، ان کے جرم ختم نہیں ہوئے، یہ نیا پاکستان ہے یہاں صرف آئین اور قانون کی حکمرانی ہو گی، امیر قطر کا پاکستان آنا عمران خان کی ملک دوست پالیسی پر اعتماد کا اظہار ہے، جو معاہدے ہونے جارہے ہیں وہ پاکستان کے لیے ایک نئی صبح کا پیغام بنیں گے، وزیراعظم عمران خان ملک کو سرمایہ کار دوست ملک بنانے جا رہے ہیں وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی پریس کانفرنس

ہفتہ 22 جون 2019 19:25

مریم نواز نے اپنی ہی جماعت پر خودکش حملہ کیا ہے، ان کا میثاق معیشت کو ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2019ء) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مریم نواز نے اپنی ہی جماعت پر خودکش حملہ کیا ہے، ان کا میثاق معیشت کو مذاق قرار دینا اپنے چچا شہبازشریف کا مذاق اڑانا ہے، ن لیگ دو بیانیوں میں دھنس گئی ہے ، 'مریم صفدر' کو اپنے چچا سے پارٹی کی صدارت سے استعفی بھی طلب کرلینا چاہیے، مریم نواز خود ضمانت پر ہیں، ان کے جرم ختم نہیں ہوئے، یہ نیا پاکستان ہے یہاں صرف آئین اور قانون کی حکمرانی ہو گی، امیر قطر کا پاکستان آنا عمران خان کی ملک دوست پالیسی پر اعتماد کا اظہار ہے، جو معاہدے ہونے جارہے ہیں وہ پاکستان کے لیے ایک نئی صبح کا پیغام بنیں گے، وزیراعظم عمران خان ملک کو سرمایہ کار دوست ملک بنانے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مریم نے امیر قطر کے دورے کو سبوتاژ کرنے کے لئے آج کے دن کو پریس کانفرنس کے لئے چنا۔ انہوں نے کہا کہ امیر قطر پاکستان کیلئے سرمایہ کاری پیکج لیکرآرہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کی سفارتی سطح پر یہ بہت بڑی کامیابی ہے، اس سے پہلے جب قطر کا ذکر ہوتا تھا تو قطری خط کا ذکر بھی ساتھ ہوتا تھا، اب یہ دو ملکوں میں تعلقات مضبوط ہونے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہونے کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قطر کی طرف سے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے معاہدے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ذاتی مفادات کیلئے قطرسے خط لکھوائے جاتے تھے، ہم امیرقطرکے دورہ پاکستان سے پرامید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سزایافتہ پاکستانی خاتون نے قطری خط کی وجہ سے شہرت حاصل کی، تین بار وزیراعظم رہنے والے شخص نے اپنی اولاد اور اپنے خاندان کیلئے اثاثے بنائے اور ملک و قوم کے مفاد کو پس پشت ڈالا اور جس طرح انہوں نے اپنے بچوں کے اثاثے بنائے وہ حقیقت آج آشکار ہو گئی ہے اور وہ حقیقت بھی کھل کر سامنے آ گئی ہے جس کے لئے اس نے ذاتی مفاد کے لئے پوری قوم کو شرمندہ کیا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ امیر قطر کا دورہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا مظہر ہے، دنیا وزیراعظم پاکستان کی قائدانہ صلاحیتوں کی معترف ہے، قطر کی ساتھ جو معاہدے ہونے جارہے ہیں وہ نئی نوید سحر کا پیغام دینگے۔ انہوں نے کہا کہ سزا یافتہ راج کماری لیکچر دے رہی تھی، جو انہوں نے صف ماتم بچھائی، اس میں سب سے پہلے اپنے چچا کے خلاف نوحہ پڑھا اور اپنی ہی جماعت پر خودکش حملہ کیا، آج کی گفتگو کے بعد مریم کو اپنے چچا سے استعفیٰ بھی مانگ لینا چاہیے تھا، اس نے اپنے چچا کے میثاق معیشت کا مذاق اڑیا، یہ چچا اور بھتیجی کے درمیان ہونے والی گفتگو نہیں۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز میاں نواز شریف کی بیماری پر سیاست کر رہی تھی، آج لاڈلی راج کماری نے سیاست نہیں کی بلکہ کوالیفائیڈ فزیشنز کو بھی شرمندہ کر دیا اور یقیناً کوالیفائیڈ ڈاکٹرز کو اپنی کوالیفیکیشن پر شک ضرور ہوا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جیلوں میں جتنے بھی قیدی ہیں، ان میں سے 90 فیصد سے زیادہ بیمار ہیں، اس سے پہلے بھی میڈیکل ریلیف کے نام پر واویلا کیا تھا، اس کا حقائق سے کوئی تعلق نہیں تھا، یہ لوگ اقتدار کے درد میں لوٹ پوٹ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مریم کی آج کی پریس کانفرنس میں انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے حوالے سے سے جو کچھ کہا اس کی مذمت کرتی ہوں، ان سے سوال کرتی ہوں کہ وزیراعظم عمران خان نہ تو اس سے قبل کسی پبلک عہدے پر فائز رہے اور نہ ہی ان کے خاندان کا کوئی شخص حکومت میں رہا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کرکٹ کے دور میں کمائی ہوئی دولت کا اور اپنے اکائونٹس کی ٹرانزیکشن سمیت چالیس سالہ پرانا ریکارڈ اعلیٰ عدلیہ کے سامنے پیش کیا اور صادق اور امین کا سرٹیفکیٹ حاصل کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) دو بیانیوں میں پھنس نہیں بلکہ دھنس چکی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہا کہ ملک کو اقتصادی مسائل سے نکالنے کے لئے دو طریقے ہیں، ایک آمدن بڑھائی جائے اور اخراجات کو کم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں وہ فیصلے ہو رہے ہیں جو ملکی مفاد میں ہیں، پچھلے ادوار میں سرمایہ کاری کے لئے جو دروازے پاکستان پر بند ہوئے تھے اب وہ وزیراعظم عمران خان کھول رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز آپ ضمانت پر ہیں، آپ کے جرم ختم نہیں ہوئے، یہ نیا پاکستان ہے یہاں صرف آئین اور قانون کی حکمرانی ہو گی، اپوزیشن نے تو حکومت کے خلاف تحریک چلانی تھی ، میں پوچھتی ہوں کہ کہاں گئی وہ تحریک انہوں نے کہا کہ جس طرح قومی اداروں پر حملے کئے گئے، بار بار عدالتوں کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا، آپ اس سے پہلے بھی ڈان لیکس میں بھی ملوث تھیں، آپ نے مودی سرکار کو اپنے گھر میں مدعو کر کے آپ پاکستان سے لاتعلقی کا اعلان کر چکے ہیں، عوام راج کماری اور ان کی کنیزوں کا بیانیہ مسترد کر چکے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات