Live Updates

مریم نواز کی پریس کانفرنس جھوٹ پر مبنی الف لیلیٰ کی کہانی سے مختلف نہیں : ڈاکٹر شہباز گل

اداروں کی تضحیک آپ کی سیاست کا وطیرہ ہے ، آپ کے مقدمے کو عدالتوں اور عوام نے مسترد کردیا ہے

ہفتہ 22 جون 2019 22:52

مریم نواز کی پریس کانفرنس جھوٹ پر مبنی الف لیلیٰ کی کہانی سے مختلف نہیں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2019ء) ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل نے مریم نواز کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہا ہے کہ مریم نواز کی پریس کانفرنس جھوٹ پر مبنی الف لیلیٰ کی کہانی سے مختلف نہیں ۔ مریم نواز سیاسی میدان میں ناکامی کے بعد اب اپنے والد کی صحت کا سہارا لینے کی کوشش کررہی ہیں ۔ نواز شریف صاحب کرپشن کے الزامات میں عدالتی فیصلوں پر جیل گئے ہیں۔

آپ کو جھوٹ پر مبنی یہ انکشافات کرنے میں اتنے مہینے کیوں لگے۔حکومت نے آپ کو مسلسل پاکستان کے کسی بھی ہسپتال سے علاج کی پیش کش کی اور آج بھی کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ افسوس آپ دہائیوں تک حکمرانی کرنے کے باوجود اپنے علاج کے قابل ایک ہسپتال نہیں بنا سکے ۔آپ اصل میں این آر او لے کر ایک بار پھر ملک سے باہر جانا چاہتی ہیں ۔

(جاری ہے)

آپ کی صحت پر سیاست کے جھوٹ کو اعلیٰ عدالتوں نے رد کر دیا ہے۔

حکومت نے جیل مینئیول سے ہٹ کر نواز شریف صاحب کے لئے پنجاب انسٹیوٹ آف کارڈ یالوجی کی ٹیم کو جیل میں تعینات کیا۔ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ ہسپتال میں علاج نہ ہونے کے جھوٹ پر اب کوئی یقین نہیں کرے گا ۔اداروں کو تضحیک کا نشانہ بنانا آپ کی سیاست کا وطیرہ ہے ۔آپ کے مقدمے کو عدالتوں اور عوام نے مسترد کردیا ہے ۔پاکستان میں کرپشن اور چوری کی کوئی جگہ نہیں ہے ۔

نواز شریف سے جیل میں ملاقات پر کوئی پابندی نہیں ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک طرف آپ انکی صحت کی سنگینی کا ذکر کرتی ہیں اور دوسری طرف سینکڑوں افراد کو ملاقات کے لئے لے جاتی ہیں۔عوام کو گمراہ کرنے سے پہلے کم از کم یہ تو بتاتیں کہ پی آئی سی کے ڈاکٹرز کی ٹیم نے عید کے روز بھی نواز شریف صاحب کا چیک اپ کیا۔حکومت آج بھی آپ کو پیش کش کرتی ہیپاکستان میں موجود جس ہسپتال سے آپ علاج کرانا چاہیں حکومت سہولت مہیا کرے گی۔

آپ کی اسی سیاسی فہم نے آپ کی جماعت کی سیاست کو دفن کردیا ہے ۔ ڈاکٹر شہباز گل کہنا ہے کہ مریم صفدر اس وقت اپنی پارٹی میں لیڈرشپ کی جنگ میں مصروف ہیں ۔آپ کے بیانئے کو آپ کے چچا شہباز شریف کی سپورٹ حاصل نہیں ہے ۔جیل سے بچنے کی مہم می مریم اور بلاول ایک صف میں کھڑے ہوگئے ہیں ۔ جتنا بھی واویلا کرلیں عمران خان سے آپ کو کوئی این آر او نہیں ملے گا ۔

چور دروازوں سے کون اقتدار میں آتا رہا اسکے لئے بیگم صفدر اپنی پارٹی کی تاریخ پڑھ لیں ۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز وزیراعظم کے قرضوں کی تحقیقات کے قومی کمیشن سے خوف زدہ ہیں۔ملک کو 31 ہزار ارب کے قرضوں کی دلدل میں ڈبونے والے آج کرپشن اور چوری پکڑے جانے کو خوف میں مبتلا ہیں ۔غریب عوام کے وسائل کی بہیمانہ لوٹ مار سے عیش و عشرت کرنے والوں کو حساب دینا پڑے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات