مریم نواز نے ہتھکڑیاں پہننے کے لیے چوڑیاں پہننا چھوڑ دیاہے

ن لیگ نے حکومت کے خلاف اکھاڑے میں اترنے کی تیاری کر لی

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 23 جون 2019 05:43

مریم نواز نے ہتھکڑیاں پہننے کے لیے چوڑیاں پہننا چھوڑ دیاہے
لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23جون2019)   رمضان المبارک کے مہینے سے اپوزیشن جماعتیں حکومت کے خلاف دھرنا دینے اور لانگ مارچ کرنے کا عندیہ دیتی چلی آ رہی ہیں مگر آج تک انہیں کامیابی نہیں ملی۔بظاہر تو اپوزیشن جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر ہیں مگر اندر کھاتے کچھ اور معاملات بھی چل رہے ہیں۔اگرچہ مولانا فضل الرحمٰن نے اے پی سی کا اجلاس بلا لیا ہے اور اس حکومت مخالف تحریک کی باگ ڈور سنبھالنے کے لیے بھی تیار ہو چکے ہیں وہیں ن لیگ اور پیپلز پارٹی بھی آستینیں چڑھانے اور حکومت کے ساتھ دو دو ہاتھ کرنے کے لیے تیار ہو چکی ہیں۔

اس حوالے سے پہلی کوشش مسلم لیگ ن کرنے جا رہی ہے۔اس احتجاجی تحریک میں مرکزی کردار مریم نواز نے ادا کرنا ہے یہی وجہ ہے کہ 7جولائی کو منڈی بہاﺅالدین میں جلسہ عام کرنا ہے جہاں سے انہیں اپنی طاقت کا اندازہ ہو گا کہ کتنے لوگ ان کے ہمراہ سڑکوں پر نکلنے کے لیے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

مریم نواز کے خاوند کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا ہے کہ الیکشن میں پورے ملک میں دھاندلی ہوئی نتائج بدلے گئے، آج ملک خطرات میں ہے تو طاہرالقادری سکون سے باہر بیٹھا ہے، نوازشریف اپنی بیٹی کو لیکر آئین کی بالا دستی کیلئے اڈیالہ جیل گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران حکومت کے بجٹ نے عوام کا سکون چھین لیا ہے۔ آج ہم نہ نکلے تو پاکستان کی سالمیت کو خطرہ ہے، پاکستان کے آئین، پاکستان کے نظریے اور سرحدوں کو خطرہ ہے، 22 کروڑ عوام کو مریم نواز کے ساتھ نکلنا ہو گا تبھی پاکستان کو بچایا جا سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے ہتھکڑیاں پہننے کے لیے چوڑیاں پہننا چھوڑ دی ہیں۔کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو نواز شریف نے ایٹمی ملک بنایا، اس بجٹ کو نامنظور کرنے کا نعرہ عوام میں سے اٹھے گا، ملک کو ایتھوپیا اور صومالیہ بنایا جا رہا ہے، نواز شریف کو ووٹ کو عزت دینے کے نعرے کی پاداش میں جیل میں ڈالا گیا ہے۔