جنوبی افریقہ کے خلاف میچ سے پہلے پاکستانی ٹیم میں اہم تبدیلیاں

شعیب ملک اورحسن علی آؤٹ؛حارث سہیل اور شاہین شاہ آفریدی اِن

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 23 جون 2019 12:46

جنوبی افریقہ کے خلاف میچ سے پہلے پاکستانی ٹیم میں اہم تبدیلیاں
لندن (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23جون2019ء) جنوبی افریقہ کے خلاف میچ سے پہلے پاکستانی ٹیم میں اہم تبدیلیاں کر دی گئیں۔ ذرائع کے مطابق ناقص کارکردگی پر شعیب ملک اورحسن علی آؤٹ کو جنوبی افریقہ کے خلاف میچ سے باہر کر دیا گیا ہے جبکہ ان کی جگہ حارث سہیل اور شاہین شاہ آفریدی کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کیخلاف ورلڈکپ کے سلسلے میں پاکستان اپنا اہم ترین میچ کل کھیلے گی۔

سیمی فائنل مرحلے تک رسائی کیلئے پاکستان کو جنوبی افریقہ کیخلاف کل کا میچ ہر حال میں جیتنا ہوگا۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کا میچ لارڈر کرکٹ گراونڈ میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان، جنوبی افریقہ میچ کیلئے موسم کی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اتوار کو لارڈز کرکٹ گراونڈ میںپاکستان اور جنوبی افریقہ کے شیڈول میچ کے دوران بارش ہونے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ذرائع کے مطابق جنوبی افریقہ کیخلاف کل کے میچ کیلئے قومی ٹیم میں 2 بڑی تبدیلیاںکر دی گئی ہیں۔ تاحال کارکردگی دکھانے میں ناکام رہنے والے آل راونڈر شعیب ملک اور فاسٹ باولر حسن علی کو ڈراپ کر دیا گیا ہے اور ان کی جگہ شاہین شاہ آفریدی اور حارث سہیل کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ بارہویں آئی سی سی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم اپنا چھٹا اور اہم میچ کل اتوار کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گی، میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دوپہر 2:30 بجے شروع ہو گا، دونوں ٹیموں کو عالمی ٹائٹل کی دوڑ میں شامل رہنے کیلئے اس میچ میں لازمی فتح درکار ہے۔

انگلینڈ میں رواں ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کے درمیان عالمی ٹائٹل کے حصول کیلئے زبردست جنگ جاری ہے، اسی سلسلے میں اتوار کو ایک میچ کھیلا جائے گا جس میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ ایونٹ میں شریک 10 ٹیموں میں سے ٹاپ فور ٹیمیں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کریں گی، افغانی ٹیم پہلے ہی ایونٹ سے باہر ہو چکی ہے جبکہ بقیہ ٹیموں کے درمیان ناک آئوٹ مرحلے کیلئے دوڑ جاری ہے۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کیلئے یہ میچ برابر اہمیت کا حامل ہے، جو بھی ٹیم ہارے گی اس کے ناک آئوٹ مرحلے میں پہنچنے کے امکانات بھی معدوم ہو جائیں گے۔ ماہرین کرکٹنے دونوں ٹیموں کے درمیان سخت اور کانٹے دار مقابلے کی توقع ظاہر کی ہے۔