9ہزار طلباء میں سے منتخب ہونے والے 30طلباء 4ہفتے کے تعلیمی ٹور پر کل امریکہ روانہ ہوں گے

ایس یو ایس آئی پروگرام کے تحت منتخب ہونے والے طلباء دنیا کی سب سے بڑی جامعات میں سے ایک یونیورسٹی آف میساچوسٹس میں قیام کریں گے اورمختلف تعلیمی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار جون 16:00

9ہزار طلباء میں سے منتخب ہونے والے 30طلباء 4ہفتے کے تعلیمی ٹور پر کل امریکہ ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23جون2019ء) پاکستان کے 9ہزار طلباء میں سے منتخب ہونے والے 30طلباء 4ہفتے کے تعلیمی ٹور پر کل امریکہ روانہ ہوں گے۔ ایس یو ایس آئی غیر ملکی طالب علموں کے امریکہ میں مطالعہ کے لیے مختصر مدت کا تعلیمی پروگرام ہے جس کا مقصد امریکہ کے اداروں کا مطالعہ ہے جو پاکستانی انڈر گریجویٹ طالب علم کرتے ہیں۔پاکستانی طلباء کے ساتھ امریکہ میں 15 امریکی طالب علم بھی ہوں گے۔

اس طرح دونوں ممالک کے طلباء کو قیادت کی مہارت کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔ طلباء اس تعلیمی دورے کے دوران مختلف اداروں میں منعقد ہونے والے سیمینارز،مباحثوں، پڑھائی کے سیشنز، گروپ پریزنٹیشن اور لیکچرز کے متوازن سلسلے میں شرکت کریں گے۔اس دورے کے دوران پاکستانی طلباء مقامی کمیونٹی کے درس و تدریس اور کلاس روم کی سرگرمیوں کو دیکھیں گے اور اس سے سیکھیں گے۔

(جاری ہے)

تعلیمی سفر، سائٹس کے دورے، قیادت کی سرگرمیوں، اور رضاکارانہ مواقع فراہم کیے جانے کی بدولت طلباء کو سیکھنے کا بہت اچھا ماحول ملے گا۔طلباء کا امریکہ میں قیام 4 ہفتے کا ہو گا جس دوران انہیں میساچوسٹس جیسی دنیا کی چند بڑی درسگاہوں میں سے ایک میں سیکھنے کا موقع ملے گا۔ایس یو ایس آئی کے اس پروگرام میں 4ہفتوں کے تعلیمی دورے کے ساتھ ساتھ 2 ہفتوں کا تفریحی دورہ بھی شامل ہے۔

جس میں وہ امریکہ کے مختلف تفریحی مقامات کی سیر کریں گے۔خیال رہے کہ ہر سال ہزاروں امیدوار اس پروگرام کے لیے درخواست دیتے ہیں البتہ صرف 30 طلباء کو اس پروگرام کے لیے منتخب کیا جاتا ہے جو امریکہ میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہیں۔ اس سال بھی پورے پاکستان سے تقریباََ 9 ہزار طلبا و طالبات نے ایس یو ایس آئی پروگرام کے لیے درخواستیں دیں تھیں البتہ صرف 200 کے قریب طلباء ہی انٹرویو دینے کے لیے چنے گئے جن میں سے صرف 30 خوش نصیب طلباء منتخب ہوئے جو کل 24 جون بروز پیر امریکہ روانہ ہوں گے۔

پروگارم میں منتخب ہونے والے ملتان کے طالب علم حمزہ اکرم کا اس حوالے سے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہناتھا کہ وہ ایس یو ایس آئی پروگرام میں منتخب ہونے پر بہت خوش ہیں کیونکہ انہیں امریکہ میں ایک بالکل نئے ماحول میں بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا اور اس کے علاوہ وہ امریکہ میں پاکستان کی نمائندگی کر کے فخر محسوس کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب ان کے والدین کی دعاؤں اور ان کے ادارے  اور اساتذہ کی بدولت ہے کہ انہیں یہ اعزاز حاصل ہو رہا ہے۔