Live Updates

اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا بنیادی مقصد این آر او کے لئے دبائو ڈالنا ہے‘ مسلم لیگ (ن) کی قیادت ایک پیج پر نہیں‘ شہباز شریف ایک طرف اور نااہل مریم نواز دوسری طرف کھڑی ہیں‘ مولانا فضل الرحمان جیسی شخصیت اے پی سی بلا رہی ہیں جن کا ماضی سب کے سامنے ہے

وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

اتوار 23 جون 2019 18:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2019ء) وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا بنیادی مقصد این آر او کے لئے دبائو ڈالنا ہے‘ مسلم لیگ (ن) کی قیادت ایک پیج پر نہیں‘ شہباز شریف ایک طرف اور نااہل مریم نواز دوسری طرف کھڑی ہیں‘ مولانا فضل الرحمان جیسی شخصیت اے پی سی بلا رہی ہیں جن کا ماضی سب کے سامنے ہے۔

اتوار کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف ایک طرف اور نااہل خاتون مریم نواز دوسری طرف کھڑی ہیں۔ دونوں ایک پیج پر نہیں ہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان جیسی شخصیت اے پی سی بلا رہی ہے ان کا ماضی سب کے سامنے ہے۔

(جاری ہے)

ان کے دونوں ہاتھ کرپشن سے رنگے ہوئے ہیں۔ ماضی میں نوابزادہ نصراللہ خان جیسی شخصیت نے اپوزیشن کو اکٹھا کرلیا تھا ان پر اپوزیشن کو اعتماد تھا جبکہ وہ ایک مایہ ناز منجھے ہوئے سیاستدان تھے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن پر سیاسی جماعتیں اعتماد نہیں کرتیں۔ اپوزیشن کی اے پی سی بلانے کا مقصد این آر او لینے کے لئے دبائو ڈالنا ہے مگر ایسا نہیں ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی چیئرمین سینٹ کو لے کر آئی ہے۔ اب ہٹانے کے لئے بلیک میلنگ کر رہے ہیں۔ ہٹا بھی دیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ حماد اظہر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان گزشتہ تیس سالوں سے یہ کہتے آرہے ہیں کہ افغانستان میں امن مذاکرات کے ذریعے آسکتا ہے۔

اب امریکی سیکرٹری سٹیٹ بھی مذاکرات ٹیبل پر بیٹھ کر کرنے کی بات کرتے ہیں تو اچھی بات ہے۔ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے۔ افغانستان میں امن کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی اے پی سی شروع ہونے سے پہلے ہی ختم ہو گئی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات