پاکستان اور یورپین یونین کے تعلقات پرانے اور گہرے ہیں، یورپین یونین کے ساتھ طویل مذاکرات کے بعد ہمارا اسٹریٹجک پلان پر معاہدہ طے پا گیا

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 23 جون 2019 18:15

پاکستان اور یورپین یونین کے تعلقات پرانے اور گہرے ہیں، یورپین یونین ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2019ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ پاکستان اور یورپین یونین کے تعلقات پرانے اور گہرے ہیں، یورپین یونین کے ساتھ طویل مذاکرات کے بعد ہمارا اسٹریٹجک پلان پر معاہدہ طے پا گیا ہی25 تاریخ کو معاہدے پر دستخط ہوں گے ۔ یہ بات انہوں نے اتوار کویہاں برسلز روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اور یورپین یونین کے تعلقات پرانے اور گہرے ہیں اورگاہے بگاہے ہم ایک دوسرے کی مدد بھی کرتے رہے ہیں اور ایک دوسرے کے ساتھی بھی رہے ہیں، اور اب انشاء اللہ مستقبل میں ایک نئی سمت میں آگے بڑھنے کا ارادہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یورپین یونین کے ساتھ طویل مذاکرات کے بعد ہمارا اسٹریٹجک پلان پر معاہدہ طے پا گیا ہے، 25 تاریخ کو اعلٰی سطح کی عہدیدار فیڈریکا موگرینی کے ساتھ اس معاہدے پر دستخط ہوں گے ، اس معاہدہ سے پاکستان اور یورپین یونین کے ساتھ طویل المدتی تعاون کا آغاز ہو رہا ہے ، یہ ایک بہت اچھی پیشِ رفت ہے کیوںکہ ہماری خواہش تھی کہ یہ معاہدہ اپنی تکمیل کو پہنچے۔

(جاری ہے)

وزیرخارجہ نے کہاکہ برسلز میں نیٹو کا ہیڈکوارٹر بھی ہے جہاں انہیں جانے کا موقع بھی ملے گا ، نیٹو ہیڈکوارٹرز میں نیٹو کے سیکرٹری جنرل سے بھی ملاقات ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ کہ نیٹو کے ساتھ ہمارا تعاون رہا ہے افغانستان کے معاملاتِ میں ہم نے امریکی اور نیٹو فورسز کی بے پناہ مدد بھی کی ہے، دہشتگردی کے خلاف جدو جہد میں ہمارا کلیدی کردار رہا ہے اور نیٹو اس کا معترف بھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ نیٹو کے ساتھ دفاعی اور سیکورٹی معاملات میں ہمارا نیٹو کیساتھ ایک تعلق رہا ہے جسے برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔