آئی جی خیبر پختونخوا کا دورہ مالاکنڈ ‘ ڈسٹرکٹ لوئر دیر کی دورافتادہ پولیس پوسٹ مسکینی کا دورہ

اتوار 23 جون 2019 20:00

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2019ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر محمد نعیم خان نے اپنے دورہ مالاکنڈ کے تیسرے روز افغان سرحد کے ساتھ ڈسٹرکٹ لوئر دیر کی دورافتادہ پولیس پوسٹ مسکینی کا دورہ کیا۔ آئی جی پی نے پولیس چوکی کی نو تعمیر عمارت کے افتتاح کی تختی کی نقاب کشائی بھی کی۔آئی جی پی ڈاکٹر محمد نعیم خان نے سیکورٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان سے ڈیوٹی و دیگر درپیش مسائل سے متعلق دریافت کیا۔

آئی جی پی نے جوانوں کا حوصلہ بڑھایا اور کہا کہ گھروں سے دور اِن سنگلاخ پہاڑوں پر فرائض کی انجام دہی مشکل امر ہے مگر آپ کے حوصلے کی داد دیتا ہوں۔چیک پوسٹ پر آ کر مجھے نہایت دلی سکون حا صل ہوا کہ اس دھرتی کے دلیر پولیس جوان سینہ تان کر کسی بھی ناخوشگوار حالات کے رونما ہونے سے پہلے انہیں ناکام بنانے کے لیے ہر دم تیار کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

آئی جی پی نے پولیس جوانوں کو اپنے فرائض قوم کی توقعات کے مطابق ادا کرنے اور حب الوطنی اور ملک و قوم کی بقاو سالمیت کے لیے اپنی آخری سانس تک ڈیوٹی انجام دینے کی ہدایات دیں۔

ڈی آئی جی مالاکنڈ محمد سعید وزیر خان اور ڈی پی او لوئر دیر عارف شہباز بھی اس موقع پر آئی جی پی کے ہمر اہ تھے۔ بعد ازاں پولیس چیف تیمرگرہ پولیس لائن پہنچے۔ جہاں انہوں نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور دعاکی۔ آئی جی پی نے لوئر دیر اور قریبی علاقوں کے منتخب نمائندوں، پولیس افسران، علاقہ مشران و تاجران کی ایک پر وقار تقریب سے خطاب بھی کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پی ڈاکٹر محمد نعیم خان نے اپنے والہانہ استقبال پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے علاقے کے امن و آمان پر اظہار اطمینان اور امن کے قیام میں پولیس، عوام اور دیگر فورسز کی لازوال قربانیوں کو سراہا۔ آئی جی پی نے کہا کہ علاقے میں امن و آمان شہدا کی قربانیوں کا مرہون منت ہے۔ جنہوں نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر ملک و قوم کی سالمیت کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

یہاں کے عوام کی ہی بدولت اس امن کا قیام ممکن ہوا۔ قبل ازیں تقریب سے سابقہ و موجودہ ایم این ایز صبغت اللہ خان، شہاب الدین خان، بشیر خان، گل ظفر خان، ہمایوں خان، محبوب شاہ خان، اخونزادہ چٹان نے اپنے اپنے خطاب میں معزز مہمان کو خوش آمدید کہا، خیبر پختون خواہ پولیس کی ڈیوٹی اور قربانیوں کی تعریف کی اور علاقے کے مسائل سے بھی آگاہ کیا۔

انہوں نے آئی جی پی کو اپنے تعاون کا یقین دلایا۔ آئی جی پی ڈاکٹر محمد نعیم خان کو علاقہ معززین نے روایتی کلاہ،یادگاری سوینئرز دیگر تحائف بھی پیش کئے۔ آئی جی پی نے کہا کہ خیبر پختون خواہ پولیس کا اخلاق دراصل ہماری صدیوں پرانی روایات ہیں۔ لیوی اور خاصہ دار اب ہمارا حصہ ہیں۔ تمام مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں اور انکے حل کی کوشش کرتا رہوں گا۔