مولانا فضل الرحمان کی مریم نواز کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت ، مریم نواز نے قبول کر لی

آل پارٹیز کانفرنس 26 جون کو منعقد کیے جانے کا اعلان کیا گیا تھا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 24 جون 2019 09:48

مولانا فضل الرحمان کی مریم  نواز کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت ، مریم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جون 2019ء) : جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کرنے کی دعوت دی جسے مریم نواز نے قبول کر لیا۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز 26 جون کو اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کریں گی۔ مریم نواز اس ضمن میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دو روز قیام کریں گی۔

اس موقع پر مسلم لیگ ن کا اعلیٰ سطح کا وفد بھی مریم نواز کے ہمراہ ہو گا۔ اس کے علاوہ مریم نواز اپوزیشن کی مشترکہ پریس کانفرنس میں بھی شریک ہوں گی۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز اپوزیشن نے آل پارٹیز کانفرنس کی تاریخ کا اعلان کیا تھا ، اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ آل پارٹیز کانفرنس کا اجلاس اسلام آباد میں 26 جون کو 11 بجے منعقد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں حکومت کے مخالف تحریک چلانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

آل پارٹیز کانفرنس میں پاکستان مسلم لیگ ن ، ایم ایم اے اور پاکستان پیپلز پارٹی سمیت دیگر اپوزیشن جماعتیں شریک ہوں گی۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے مشاورت کے بعد اے پی سی بلائی۔ اے پی سی میں اے این پی اور جماعتِ اسلامی کے رہنما بھی شریک ہوں گے جبکہ مولانا فضل الرحمان آل پارٹیز کانفرنس کی صدرات کریں گے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن جماعتوں کو افطار ڈنر پر مدعو کیا تھا جس میں تمام اپوزیشن جماعتوں بشمول مسلم لیگ ن نے شرکت کی تھی۔ اس افطار ڈنر میں بھی مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے وفد کے ہمراہ شرکت کی تھی۔ اپوزیشن کے ان اجلاسوں میں شہباز شریف کی عدم موجودگی بھی سیاسی حلقوں میں غور طلب قرار دی جا رہی ہے اور خیال کیا جا رہا ہے کہ شہباز شریف مریم نواز کے طریقہ سیاست پر متفق نہیں ہیں اور اسی لیے وہ خود کو ان معاملات سے علیحدہ رکھ رہے ہیں۔