Live Updates

آرمی چیف اور آصف غفور کی پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ کے میچ کے دوران اسٹیڈیم میں موجودگی پر منفی پراپیگنڈہ

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ناقدین کو منہ توڑ جواب دے دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 24 جون 2019 11:43

آرمی چیف اور آصف غفور کی پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ کے میچ کے دوران ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جون 2019ء) : پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کا میچ دیکھنے کے لیے گذشتہ روز اسٹیڈیم پہنچے، آرمی چیف کی اسٹیڈم میں موجودگی کو سراہا گیا اور کہا گیا کہ آرمی چیف قومی کرکٹ ٹیم کا حوصلہ بڑھانے اسٹیڈیم پہنچے جو قابل تعریف ہے ۔ جبکہ کچھ صارفین نے تو پاکستان کی جیت کا کریڈٹ بھی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو دے دیا تھا۔

ایک طرف جہاں آرمی چیف اور آصف غفور کی تصاویر اور ویڈیوز پر پر تبصرے کیے جا رہے ہیں وہیں دوسری جانب مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر آرمی چیف کی اسٹیڈیم میں موجودگی پر سوالات بھی اُٹھائے گئے اور منفی پراپیگنڈہ شروع کر دیا گیا جس پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ذاتی ٹویٹر اکاؤنٹ سے ناقدین کو منہ توڑ جواب دے دیا۔

(جاری ہے)

کچھ ٹویٹر صارفین نے سوالات اُٹھائے کہ آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس پی آر کے لندن جانے کا ٹکٹ پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے بزنس مین انیل مسرت نے ارینج کیا ۔

کیا سیاسی رہنماؤں سے تحائف وصول کرنا پاک آرمی کے کوڈ آف ایتھکس کے خلاف نہیں ہے؟
جس پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ذاتی ٹویٹر اکاؤنٹ سے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیڈیم میں موجود ہر پاکستانی نے ہماری میزبانی کرنے کی خواہش ظاہر کی، میرے پاس کئی قانونی آپشنز موجود ہیں لیکن میں آپ کا منفی پراپیگنڈہ نظر انداز کر رہا ہوں کیونکہ یہ وقت معاف کرنے کا اور تمام پاکستانیوں کے لیے جشن منانے کا ہے۔

ایک اور صارف نے آرمی چیف کی اسٹیڈیم میں موجودگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بات صرف ترجیحات کی ہے۔ کیا پاک آرمی کے سربراہ اور باقی جنرلز پاکستان کا میچ دیکھنے کے لیے ذاتی دورہ پر انگلیںڈ گئے؟ کس نے ان کے دورے کے اخراجات برداشت کیے؟ اُمید کرتی ہوں کہ یہ اخراجات غریب عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے ادا نہیں کیے گئے ہوں گے
جس پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ میری بشریٰ گوہر سے مؤدبانہ گذارش ہے کہ اس طرح کے ٹویٹس کرنے سے گریز کریں۔

اور اس کی بجائے پاکستان کی اچھی کارکردگی اور فتح سے لطف اندوز ہوں۔ کوشش کریں کہ وہ پاکستان کے اگلے میچ میں شرکت کریں اور اپنی ٹیم کو سپورٹ کریں ، اگر چاہیں تو میری مہمان بن کر آ سکتی ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے بھی پاک آرمی کے خلاف سوشل میڈیا پر چلائے جانے والے اس منفی پراپیگنڈے کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے اسے یکسر مسترد کر دیا اور کہا کہ پاک آرمی کے خلاف کسی بھی منفی پراپیگنڈے کا منہ توڑ جواب دینے کو تیار ہیں ، صارفین نے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے جوابات کو بھی سراہا اور پاک آرمی کو سپورٹ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات