اشرف صحرائی کا شوپیان میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت، تنازعہ کشمیر ایک تاریخی حقیقت ہے جو بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے لٹکا ہوا ہے

پیر 24 جون 2019 11:50

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2019ء) مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے شوپیان کے علاقے کیگام میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندارخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ تنازعہ کشمیر ایک تاریخی حقیقت ہے جو بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے گزشتہ71برسوں سے لٹکا ہوا ہے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد اشرف صحرائی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ اس مسئلے کی وجہ سے کشمیری عوام مسلسل عذاب و عتاب میں مبتلا ہیں اوروہ گزشتہ سات دہائیوں سے اس تنازعے کو عوامی خواہشات کے مطابق حل کرانے کا مطالبہ کرتے آئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے فوجی قوت کا استعمال کرکے پُر امن سیاسی تحریک کو دبانے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں ناکام ہوچکا ہے ۔

(جاری ہے)

حریت رہنمانے کشمیری عوام کے جذ بہ حریت کی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی بیش بہا قربانیوں نے اس مسئلے کو عالمی سطح پر اُجاگر کیا ہے۔انہوںنے کہا کہ مسئلہ کشمیر اُجاگر کرنے کے لئے کشمیریوں نے اپنے لخت ہائے جگر پیش کئے اور آج بھی نوجوانوں کا یہ قافلہ اپنی عزیز جانوںکا نذرانہ پیش کررہاہے۔ محمد اشرف صحرائی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک سیاسی اور انسانی مسئلہ ہے جس کو اس کا تاریخی پس منظر مد نظر رکھتے ہوئے عوامی خواہشات کے مطابق حل کرنے کی ضرورت ہے۔