ماضی کی نامور اداکارہ انجمن نے دوسری شادی کر لی

64 سالہ ادارکارہ انجمن نے پروڈیوسر وسیم عرف لکی علی کے ساتھ نکاح کیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 24 جون 2019 11:50

ماضی کی نامور اداکارہ انجمن نے دوسری شادی کر لی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جون 2019ء) : ماضی کی معروف اداکارہ انجمن نے 64 سال کی عمر میں دوسری شادی کر لی ۔ تفصیلات کے مطابق انجمن نے پروڈیوسر وسیم عرف لکی علی کے ساتھ دوسری شادی کی۔ نجمن کی پہلی شادی انکم ٹیکس کمشنر مبین ملک سے ہوئی تھی جس کے بعد وہ برطانیہ چلی گئیں تھی جن سے ان کے 2 بیٹے اور ایک بیٹی ہوئی مگر 6 سال قبل ان کے شوہر کو لاہور میں قتل کیا گیا تھا جس کے بعد وہ برطانیہ سے واپس لاہور آئیں اور یہاں رہنے لگیں۔

اداکارہ انجمن نے دوسری شادی انتہائی سادگی سے کی ۔ ان کے شوہر وسیم عرف لکی علی پیشے کے اعتبار سے اداکار، ہدایتکار اور پروڈیوسر ہیں۔ انجمن کی شادی کی تصاویر بھی منظرعام پر آئیں جس میں وہ عروسی جوڑے میں ملبوس ہیں۔ دوسری شادی کے موقع پر اداکارہ انجمن نے کہا کہ میں بہت خوش ہوں اور شوہر نے ایک گھر اور گاڑی تحفے میں دی ہے۔

(جاری ہے)

اداکارہ انجمن نے بتایا کہ نکاح کرنے کی سب سے بڑی وجہ تنہائی اور اکیلا پن تھا۔

تنہا زندگی کیسے گزاری جا سکتی تھی۔ تاہم میں نے سب سے پہلے اپنے بچوں سے اس بات کی اجازت لی۔انہوں نے کہا کہ یہ آپ کا شرعی حق ہے کہ اپنی زندگی کا اچھا فیصلہ کریں۔ انجمن کا کہنا تھا کہ لکی علی سے پرانی جان پہچان نہیں تھی۔ پانچ ماہ پہلے باقاعدہ ملاقات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ لکی علی بہت اچھے انسان ہیں، ان کے خاندان نے مجھے عزت دی اور قبول کیا۔

گھر، گاڑی اور دولت سب میرے پاس پہلے سے موجود ہے، کوئی کسی کو اپنا نام دے شریک سفر بنا لے، اس سے بڑھ کر اور کیا بات ہو سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لکی علی نے مجھے عزت دی، مجھے تحفظ کا احساس دیا۔ میرا اپنا ڈیفنس میں ایک کنال کا گھر ہے۔ میرے متعلق افواہیں پھیلانے والے سوچ سمجھ کر بات کریں، صدا کسی نے نہیں رہنا جو زندگی سے اسے پیار محبت سے گزارنا ہی بہتر ہوتا ہے۔

انجمن نے کہا کہ نکاح کرنا کوئی بری بات نہیں، میں اچھے جیون ساتھی کی تلاش میں تھی۔ لکی علی خود آرٹسٹ رہے ہیں، انہوں نے شوقیہ طور پر کام کیا اور فلمز بھی بنائیں، وہ مجھے سمجھتے ہیں، ان سے بہتر میرے پاس انتخاب نہیں تھا۔ انجمن نے مزید کہا کہ پرستار میری اچھی زندگی کے لئے دعا کریں، میں فلم انڈسٹری سے وابستہ رہوں گی ۔یاد رہے کہ اداکارہ انجمن نے 20 سالہ فلمی کیریئر میں 300 سے زائد اُردو اور پنجابی فلموں میں مختلف کردار نبھائے۔ انہوں نے 80 اور 90 کی دہائی میں فلم نگری پر راج کیا۔ اداکار سلطان راہی کے ساتھ ان کی جوڑی سب سے کامیاب جوڑی تصور کی جاتی تھی۔