Live Updates

بجٹ کے ذریعے پاکستان کی قومی سلامتی کو خطرہ لاحق ہے،ملک کو عوام دوست بجٹ کی ضرورت تھی تاہم عوام دشمن بجٹ دیا گیا ، میاں رضاربانی

اس مزدور کش بجٹ کے ذریعے کوشش کی گئی ہے کہ پاکستان کو غیر ملکی قوتوں کا غلام بنایا جائے،حکومت نے امریکی سامراج کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے،خصوصی گفتگو

پیر 24 جون 2019 12:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2019ء) سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ بجٹ کے ذریعے پاکستان کی قومی سلامتی کو خطرہ لاحق ہے،ملک کو عوام دوست بجٹ کی ضرورت تھی تاہم عوام دشمن بجٹ دیا گیا ہے،اس مزدور کش بجٹ کے ذریعے کوشش کی گئی ہے کہ پاکستان کو غیر ملکی قوتوں کا غلام بنایا جائے۔خصوصی گفتگوکے دوران انہوں نے کہاکہ پاکستان کو عالمی مالیاتی فنڈ(آئی اہم ایف) کے ذریعے یہودی لابی میں شامل کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک آگے کیا شرائط لگائیں گے حکومت نے قوم کو نہیں بتایا، حکومت نے امریکی سامراج کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں۔سابق چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ الیکشن کمیشن کی آسامیاں خالی ہیں پر وزیراعظم عمران خان اپنی انا کی وجہ سے اپوزیشن سے بات نہیں کررہے۔انہوں نے کہا کہ قانون کے تحت 45 دن کے اندر الیکشن کمیشن کو مکمل کردینا چاہئے تھا۔میاں رضا ربانی نے کہا کہ ان کی انا کی وجہ سے نامکمل الیکشن کمیشن نے کے پی کے میں ہونے والے ضمنی الیکشن ملتوی کیے۔انہوں نے کہا کہ ادھورے الیکشن کمیشن نے ایک نوٹیفیکشن کے ذریعے سیکیورٹی کے لیے فوج طلب کی۔رضا ربانی نے کہا کہ پولنگ اسٹیشن کے اندر الیکشن کمیشن کے عملے کے علاوہ کسی کو نہیں ہونا چاہئے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات