بالاکوٹ حملے میں پاک بحریہ کی جنگی چال نے بھارت کے ہوش اُڑا دئے تھے

پاک بحریہ کی جنگی چال کے بعد بھارتی بحریہ کے عہدیدار 21 دنوں تک سر پکڑ کر بیٹھے رہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 24 جون 2019 12:11

بالاکوٹ حملے میں پاک بحریہ کی جنگی چال نے بھارت کے ہوش اُڑا دئے تھے
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جون 2019ء) : بالاکوٹ میں بھارت کے ایڈونچر کے بعد جہاں پاک فضائیہ نے بھارتی فضائیہ کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے ان کے جنگی طیارے مار گرائے تھے وہیں پاک بحریہ نے بھی بھارت کے ہوش اُڑا دئے تھے۔ پاک بحریہ نے ان دنوں ایک ایسی چال چلی جس پر بھارتی فوجی افسران بھی سر پکڑ کر بیٹھ گئے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ نے بالاکوٹ حملے کے بعد اپنی جنگی چال چلتے ہوئے اپنی سب سے ایڈوانس آگسٹا کلاس آبدوز پی این ایس سعد کو غائب کر دیا تھا جو طویل وقت تک زیر آب رہنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔

پاک بحریہ کی اس جنگی چال کو دیکھ کر بھارتی بحریہ کے عہدیدار 21 دنوں تک سر پکڑ کر بیٹھے رہے تھے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پاک بحریہ کی آبدوز کے غائب ہونے سے بھارتی نیوی میں کھلبلی مچ گئی تھی اور بھارتی حکام نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ کہیں پاکستان اس آبدوز کو ہمارے علاقے میں نہ بھیج دے ۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا کے مطابق بحریہ کو مشقوں سے ہٹا کر پاکستان کے پانیوں کے قریب تعینات کر دیا گیا ہے۔

پاکستانی آبدوز کا سُراغ لگانے کے لیے وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن لانچ کیا گیا جس میں درجنوں جنگی جہاز، روایتی اور ایٹمی آبدوزیں شامل تھیں۔ جبکہ جدید ترین ریڈار اور سیٹلائٹس سے بھی مدد حاصل کی گئی تھی ۔ فوجی ذرائع کے مطابق پاکستانی بحریہ کی آبدوز کراچی کے پاس سے غائب ہوئی تھی اور یہ تین دن میں گجرات کے ساحل جبکہ پانچ دن میں مغربی فلیٹ کے ہیڈکوارٹرز پہنچ سکتی تھی۔

بھارتی بحریہ 21 دن تک پاکستانی بحریہ کی آبدوز کی تلاش کرتی رہی اور پھر انہیں معلوم ہوا تھا کہ آبدوز پاکستان کے مغربی حصے میں موجود ہے ۔ آبدوز کا سُراغ لگنے پر بھارتی بحریہ کی قابلیت کا بھانڈا پھوٹ گیا تھا جس پر بھارتی میڈیا اپنی ہی بحریہ پر برس پڑا۔ خیال رہے کہ پاک فضائیہ نے بھارتی فضائیہ کو بھی خوب مزہ چکھایا تھا جس سے عالمی سطح پر بھی پاک فضائیہ کی جوابی کارروائی کو خوب سراہا گیا تھا۔