منشیات اور غیر قانونی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن (کل) منایا جائے گا

پیر 24 جون 2019 12:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2019ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں منشیات کی لت اور غیر قانونی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن (کل) بدھ کو منایا جائے گا اور منشیات کی لعنت کے خلاف جہاد اور عوام میں آگاہی کے عزم کا اعادہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر جڑواں شہروں راولپنڈی، اسلام آباد سمیت ملک بھر میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے اینٹی نار کوٹکس فورس، اقوام متحدہ کے منشیات و کرائم کی روک تھام کے ادارہ اور غیر سرکاری تنظیموں کی طرف سے بھی پروگرام ہونگے۔ اس دن کو منانے کیلئے مختلف پروگرام اور سرگرمیاں مرتب کر لی گئی ہیں۔ اس دن کی مناسبت سے نوجوانوں میں شعور اجاگر کیا جائے گا تاکہ انہیں اس لعنت سے بچایا جا سکے۔ منشیات کے خلاف عالمی دن کا آغاز 1987ء میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ہوا تھا اور اس موقع پر منشیات سے پاک بین الاقوامی معاشرہ کی تشکیل کے عزم کا اعادہ کیا جاتا ہے جو رکن ممالک نے عالمی ادارہ سے کر رکھا ہے۔