محمد عامر ورلڈ کپ کے بہترین گیند باز بن گئے

پیسر اب تک15وکٹیں حاصل کرچکے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 24 جون 2019 12:50

محمد عامر ورلڈ کپ کے بہترین گیند باز بن گئے
لندن(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24جون2019ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باﺅلر محمد عامر 15 وکٹوں کے ساتھ ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے گیند باز بن گئے ہیں۔جنوبی افریقہ کے خلاف میچ سے قبل عامر کی وکٹوں کی تعداد 13 تھی جو دو وکٹوں کے اضافے کے ساتھ 15 ہوگئی ہے۔فہرست میں جوفرا آرچر اور مچل سٹارک کی بھی 15، 15 وکٹیں ہی ہیں تاہم عامر کا اکانومی ریٹ دونوں سے بہتر ہے۔

جنوبی افریقہ کے خلاف عامر نے ہاشم آملہ اور کپتان فاف ڈوپلیسی کو آﺅٹ کیا،اس سے قبل آسٹریلیا کے خلاف میچ میں عامر پانچ وکٹیں بھی حاصل کرچکے ہیں۔شائقین امید کررہے ہیں کہ عامر کی باﺅلنگ فارم اسی طرح جاری رہے گی اور وہ آگے آنے والے میچز میں بھی اسی طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ یاد رہے کہ ورلڈکپ کے انتہائی اہم میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 49رنز سے شکست دیکر سیمی فائنل تک رسائی کی اپنی امیدیں برقرار رکھیں۔

(جاری ہے)

فاسٹ باﺅلر محمد عامر نے پہلے ہی اوور میں ہاشم آملہ کو پویلین کی راہ دکھا دی، وہ 2 رنز ہی بنا سکے،کپتان ڈو پلیسی اور کوئنٹن ڈی کوک نے دوسری وکٹ کے لیے 87رنز کی شراکت داری قائم کی جسکے بعد ڈی کوک47رنز بنا کر شاداب خان کی گیندپر آﺅٹ ہوئے، ایڈن مارکرم بھی ناکام رہے اور 7رنز بنا کر شاداب کا دوسرا شکار بنے،کپتان فاف ڈوپلیسی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد محمد عامر کا دوسرا شکار بنے،وین ڈر ڈسن اور ملر نے پانچویں وکٹ کے لیے53رنز جوڑے جس کے بعد وین ڈر ڈسن36رنز بنا کر شاداب کی تیسری وکٹ بن گئے ،شاہین آفریدی نے ملر کو31رنز پر بولڈ کردیا،وہاب ریاض نے16رنز بنانےوالے کرس مورس کی وکٹ حاصل کی،ربادا3رنز سکور کرکے وہاب ریاض کی دوسری وکٹ بنے،نگیدی ایک رن بنا کر بولڈ ہوگئے،جنوبی افریقا مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں پر 248 رنز ہی بنا سکی۔

پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض اور شاداب خان نے 3،3 جب کہ محمد عامر نے 2 اور شاہین آفریدی نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ قومی ٹیم کی جیت میں 89 رنز بنا کر کلیدی کردار ادا کرنے والے حارث سہیل کو میچ آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔اس سے قبل لارڈز کے تاریخی گراﺅنڈ میں پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو امام الحق اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا، دونوں بلے بازوں نے پراعتماد انداز اپناکر ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ٹیم کو81رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد فخر زمان 44رنز بنا کر غیر ذمہ درانہ شاٹ کھیل کر عمران طاہر کا شکار بنے گئے ،امام الحق بھی اپنے آغاز کو لمبی اننگز میں نہ بدل پائے اور عمران طاہر نے امام الحق کا44رنز پر زبردست کیچ لیکر انہیں بھی پویلین بھیج دیا۔

حفیظ اور بابر نے تیسری وکٹ کیلئے45رنز جوڑے جس کے بعد حفیظ20رنز بنا کر مارکرم کا شکا ر بنے، بابر اعظم نے اپنی دوسری ورلڈ کپ نصف سنچری مکمل کی جسکے بعد وہ 69رنز بنا کر پھیلکوایو کے ہاتھوں پوویلین لوٹے،عماد وسیم اور حارث سہیل نے39گیند وں پر71رنز شاندار شراکت داری قائم کی جسکے بعد عماد23رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے،وہاب ریاض بھی4رنز بنا کر بولڈ ہوگئے،حارث سہیل 9چوکوں اور3چھکوں کی مدد سے 59گیندوں پر89رنز کے شاندار باری کھیل کر پوویلین لوٹے،حارث سہیل کی جارحانہ اننگز کی بدولت پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز بنائے۔جنوبی افریقا کی جانب نگیدی نے3، عمران طاہر نے 2 اور ایڈن مارکرام اور پھیلکوایو نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔