مصر کا منامہ کانفرنس میں شرکت کا اعلان

پیر 24 جون 2019 13:06

مصر کا منامہ کانفرنس میں شرکت کا اعلان
منامہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2019ء) مصری حکومت نے بحرین کے دارالحکومت منامہ میں کل منگل سے شروع ہونے والی عالمی اقتصادی کانفرنس میں شرکت کا اعلان کیا ہے۔مصری وزارت خارجہ کے ترجمان احمد حافظ نے ایک بیان میں کہا کہ مصری وفد فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت کے لیے 25 اور 26 جون کو منامہ میں ہونے والی اقتصادی کانفرنس میں شرکت کرے گا۔

رجمان نے مزیدکہا کہ مصری وفد نائب وزیرخزانہ کی قیادت میں منامہ کانفرنس میں شرکت کرے گا۔ مصری قیادت کانفرنس کے موقع پر فلسطینی قومی اتھارٹی کیویڑن کے مطابق فلسطینی قوم کے حقوق کی حمایت کے لیے اپنا موقف پیش کرے گی تاکہ فلسطینیوں کے دیرینہ مطالبات، مسلمہ عالمی اصولوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فراہمی کی راہ ہموار کی جا سکے۔

(جاری ہے)

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مصری حکومت فلسطینیوں نے دیرینہ سیاسی مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ فلسطینی قوم کو درپیش معاشی مشکلات کے حل میں بھی گہری دلچسپی رکھتی ہے۔ اس حوالے سے قاہرہ اپنی اخلاقی اور سیاسی ذمہ دارایاں پوری کرے گا۔ مصر 4 جون سنہ 1967 کی جنگ سے پہلے والی پوزیشن پر فلسطینی علاقوں پر آزاد فلسطینی ریاست کے قیام، فلسطین اور اسرائیل کے درمیان جاری تنازع کے دو ریاستی حل اور عرب امن فارمولے پرعمل درآمد پر زور دیتا رہے گا۔

خیال رہے کہ کل منگل کو منامہ میں امریکا کی دعوت پر دو روزہ اقتصادی کانفرنس شروع ہو رہی ہے۔ اس کانفرنس کے ذریعے امریکا فلسطینیوں کے لیے بعض معاشی مراعات کا اعلان کرے۔ کانفرنس کا موضوع 'امن برائے خوش حالی' ہے اور اس کے انعقاد کا مقصد فلسطینیوںکے معاشی مسائل کے حل میں ان کی مدد کرنا ہے۔ فلسطینی اتھارٹی اور متعدد عرب ممالک نے اس کانفرنس کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔