اونٹوں کی مناسب دیکھ بھال ، افزائش نسل ، پیداواری صلاحیت میں اضافہ اور انسانی صحت پر اونٹ کے گوشت و دودھ کے انتہائی مفید اثرات سمیت دیگر فوائد پر پہلی قومی کیمل کانفرنس آج جامعہ زرعیہ میں منعقد ہو گی،ملک بھر سے بڑی تعداد میں ماہرین ویٹرنری سائنسز شرکت کریں گے،انمول کیمل ملک کے سٹالز لگا کر طلباء و طالبات ا ور شہریوں کو اونٹنی کے دودھ کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے گا

پیر 24 جون 2019 13:21

اونٹوں کی مناسب دیکھ بھال ، افزائش نسل ، پیداواری صلاحیت میں اضافہ ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2019ء) اونٹوں کی مناسب دیکھ بھال ، افزائش نسل ، پیداواری صلاحیت میں اضافہ اور انسانی صحت پر اونٹ کے گوشت و دودھ کے انتہائی مفید اثرات سمیت دیگر فوائد پر پہلی قومی کیمل کانفرنس آج 25جون بروز منگل کی صبح 9بجے نیو سینٹ ہال جامعہ زرعیہ فیصل آباد میں منعقد ہو گی جس میں ملک بھر سے بڑی تعداد میں ماہرین ویٹرنری سائنسز شرکت کریں گے جبکہ اس موقع پر انمول کیمل ملک کے سٹالز لگا کر طلباء و طالبات ا ور شہریوں کو اونٹنی کے دودھ کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے گا۔

کیمل کانفرنس کے چیف آرگنائزر پروفیسر ڈاکٹر انس سرور قریشی اور سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر سرمد ریحان نے پیر کے روز اے پی پی کو بتایاکہ مذکورہ کانفرنس کا انعقاد کیمل ایسوسی ایشن پاکستان ، یو ایس ڈی اے ،اناٹومی ڈیپارٹمنٹ فیکلٹی آف ویٹرنری سائنسز زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ کانفرنس کے مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف ستارہ امتیاز ،تمغہ امتیاز وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد ہوں گے جبکہ صدار ت ڈ ین فیکلٹی آف ویٹرنری سائنسز پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال قریشی کریں گے۔

انہوںنے بتایا کہ قومی کیمل کانفرنس سے پارنگ لاہور کے سابق ممبر پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس ، پراجیکٹ ڈائریکٹر ایف اے او ، این اے آر سی اسلام آباد ڈاکٹر محمد افضل ، وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اشرف ، ڈاکٹر انس سرور قریشی اور غیر ملکی کیمل ایکسپرٹس کا اظہار خیال بھی ہو گا۔انہوںنے بتایاکہ کانفرنس کے شاندار انعقاد کیلئے فیکلٹی آف ویٹرنری سائنسز کی جانب سے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔

انہوںنے بتایاکہ خطبہ استقبالیہ پروفیسر ڈاکٹر انس سرور قریشی پیش کریں گے۔دریں اثناء ڈائریکٹر محکمہ لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ ڈاکٹر صالحہ گل نے بتایا کہ کانفرنس کے انعقاد کا مقصد اونٹ کی دیکھ بھال،افزائش،پیداواری صلاحیت کو اجاگر کرنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ نے لٹریچہ اور بریلہ نسل کی اونٹنیوں کے دودھ کو’’انمول کیمل ملک‘‘کے نام سے متعارف کرایا ہے جو ذیابیطس کے مریضوں کے لئے بہت بڑی نعمت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اونٹنی کے دودھ میں 23 ملی گرام فی لیٹر وٹامن سی پایا جاتا ہے جو کہ بچوں میں اسہال اور الرجی جیسی شکایات کو بھی ختم کرتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کیمل کانفرنس میں محکمہ لائیوسٹاک کی طرف سے انمول کیمل ملک کے سٹالز بھی لگائے جائیں گے تاکہ عوام اور طالب علموں کو دودھ کی اہمیت سے روشناس کرایا جاسکے۔کانفرنس میں یونیورسٹی کے طلباء و طالبات ، فیکلٹی ممبران اور اونٹ پال حضرات سمیت سول سوسائٹی کے مختلف مکاتب فکر سے اہم افراد بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔