ایوان میں قانون کا احترام نہیں ہوگا تو ہم اپنے بچوں کو قانون کے احترام کی تلقین کیسے کریں گے، پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی حنا ربانی کھر کا بجٹ پر بحث کے دوران اظہار خیال

پیر 24 جون 2019 14:16

ایوان میں قانون کا احترام نہیں ہوگا تو ہم اپنے بچوں کو قانون کے احترام ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ جب ایوان میں قانون کا احترام نہیں ہوگا تو ہم اپنے بچوں کو قانون کے احترام کی تلقین کیسے کریں گے‘ معاشی پیچیدگیوں کو سمجھنے والے جانتے ہیں کہ یہ بجٹ کہاں سے آیا ہے‘ بھرپور مہم کے باوجود ڈیم کی لاگت کا ایک فیصد بھی اکٹھا نہیں ہوا۔

پیر کو قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث کے دوران پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی حنا ربانی کھر نے کہا کہ ایوان میں یہ تاثر اور رویہ نظر آیا ہے کہ ہمارا کام عوام کے مسائل حل کرنا نہیں بلکہ ایک دوسرے پر الزام تراشی کرنا ہے‘ اس صورتحال میں اب ہم بچوں کو کیسے بتائیں کہ قانون کا احترام کیسے کرنا ہے‘ انصاف کیسے مانگنا ہے۔

(جاری ہے)

سب جانتے ہیں کہ بجٹ کہاں سے آیا۔

یہ حکومت میں آنے سے پہلے معاشی پیچیدگیوں سے آگاہ نہیں تھے یا جان بوجھ کر عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں وزیراعظم ہائوس میں یونیورسٹی کے لئے رقم نہیں رکھی گئی۔ پیپلز پارٹی کے دور میں منتخب نمائندوں کو بلاامتیاز مساوی فنڈز دیئے گئے۔ اب آپ اپنے ارکان قومی اسمبلی کو 15,15 کروڑ کے فنڈز دیتے ہیں۔ ڈیم فنڈز کے لئے بیرون ملک سے گیارہ ارب اکٹھے ہوئے جبکہ ملک کے اندر سے 13 ارب اکٹھے ہوئے۔ بھرپور مہم کے باوجود ڈیم کی لاگت کا ایک فیصد بھی اکٹھا نہیں ہوا۔ ہمارے دور حکومت میں پٹرول کی قیمت 103 روپے تھی۔ موجودہ حکومت 113 روپے فی لیٹر دے رہی ہے۔