پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین میچ، بھارتی شہری بھی سپورٹ کرنے پہنچ گیا

بھارتی شہری نے پاکستان کی حمایت میں پلے کارڈز بھی اُٹھا رکھے تھے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 24 جون 2019 14:56

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین میچ، بھارتی شہری بھی سپورٹ کرنے پہنچ ..
انگلینڈ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جون 2019ء) : گذشتہ روز ورلڈکپ کے انتہائی اہم میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 49 رنز سے شکست دیکر سیمی فائنل تک رسائی کی اپنی اُمیدیں ایک مرتبہ پھر سے بحال کر دیں۔ انگلینڈ میں ہونے والے اس میچ میں جہاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور عوام کی توجہ کا مرکز رہے وہیں ایک بھارتی شہری بھی پاکستان کی حمایت کرنے آن پہنچا۔

سوشل میڈیا پر اس بھارتی شہری کی تصاویر وائرل ہو رہی ہیں جس نے پاکستان کی نہ صرف حمایت کی بلکہ پاکستان کی حمایت میں پلے کارڈز بھی اُٹھا رکھے تھے۔ بھارتی کرکٹ شائق کی ان تصاویر کو سوشل میڈیا صارفین نے گذشتہ روز کی سب سے بہترین تصاویر قرار دیا ۔ بھارتی شہری کے ہاتھوں میں اُٹھائے گئے پلے کارڈز پر تحریر تھا کہ میں اپنے ہمسایہ ملک پاکستان کی حمایت کرنے اور پاکستانی ٹیم کو سپورٹ کرنے آیا ہوں۔

(جاری ہے)

ایک تصویر میں بھارتی شہری کو جوش و ولولے کے ساتھ پاکستان کو سپورٹ کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔ ان تصاویر پر سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ بے شک پاکستان اور بھارت کے مابین تعلقات اکثر ہی کشیدہ رہتے ہیں لیکن دونوں ممالک کی عوام اکثر ہی ایک دوسرے سے لاجواب دوستی کا ثبوت دیتے ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین نے کہا کہ پاک بھارت عوام ایک دوسرے کے لیے اچھے جذبات رکھتی ہے اور چاہتی ہیں کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات بہتر ہو جائیں کیونکہ دونوں ممالک کی ثقافت میں بھی کافی حد تک مماثلت ہے جس کی وجہ سے مذہبی فرق کہیں دور رہ جاتا ہے۔

سوشل میڈیا پر بھارتی عوام نے بھی بھارتی شہری کی پاکستانی حمایت کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تصاویر کو خوب پسند کیا اور کہا کہ پاک بھارت عوام ایک دوسرے سے دوستی اور محبت کا جذبہ رکھتے ہیں اور ہم اُمید کرتے ہیں کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات جلد ہی ٹھیک ہو جائیں گے۔