Live Updates

بھارت میں ابھی نندن کی مونچھ کو ''قومی'' قرار دینے کا مطالبہ کر دیا گیا

یہ مطالبہ کانگریس سے تعلق رکھنے والے رہنما ادھیر رنجن چودھری نے کیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 24 جون 2019 16:44

بھارت میں ابھی نندن کی مونچھ کو ''قومی'' قرار دینے کا مطالبہ کر دیا گیا
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جون 2019ء) : بھارت میں بھارتی فضائیہ کے پائلٹ ابھی نندن کی مونچھ کو ''قومی'' درجہ دینے کا مطالبہ کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا نے بتایا کہ یہ مطالبہ کانگریس سے تعلق رکھنے والے رہنما ادھیر رنجن چودھری نے کیا گیا ہے۔ لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے مطالبہ کیا کہ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو ان کی بہادری کے لیے اعزاز دیا جانا چاہئیے۔

اعزاز کے حوالے سے انہوں نے تجویز پیش کی کہ ابھی نندن کی مونچھوں کو ''قومی مونچھ'' قرار دیا جائے۔ خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں 14 فروری کو ایک کار خود کش دھماکے میں 40 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے تھے جس کا الزام بھارت نے براہ راست پاکستان پر عائد کیا تھا۔

(جاری ہے)

پلوامہ واقعے کے بعد صورتحال کشیدہ ہوئی اور 26 فروری کی رات بھارتی فضائیہ نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی جس پر پاک فضائیہ کی بروقت جوابی کارروائی پر بھارتی طیارے بالاکوٹ کے قریب نصب ہتھیار پھینکتے ہوئے بھاگ نکلے تھے۔

جس کے بعد بدھ کی صبح 27 فروری کو پاک فضائیہ نے بھارت کو سرپرائز دیتے ہوئے بھارت کے دو طیارے مار گرائے جبکہ ایک بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو بھی گرفتار کر لیا گیا تھا۔ پاک فوج نے ابھی نندن کو مشتعل ہجوم سے بچایا اور حراست میں لے لیا تھا۔ پاک فوج نے ابھی نندن کا علاج بھی کروایا۔ بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کی پاک فوج میں حراست میں آنے کے بعد سے بھارتی میڈیا میں یہ چرچا تھا کہ پاکستان اب پائلٹ کی رہائی کے لیے بھارت کے سامنے شرائط رکھے گا ، بھارتی حکومت نے مؤقف دیا کہ ہم کسی قسم کی شرائط ماننے کو تیار نہیں ہیں۔

لیکن جمعرات کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان عمران خان نے بھارتی پائلٹ کی رہائی کا اعلان کیا اور ساتھ ہی کہا کہ ہم بھارتی پائلٹ کو امن کے فروغ کے لیے جذبہ خیر سگالی کے تحت رہا کر رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے اس فیصلے کو نہ صرف پاکستان اور بھارت بلکہ عالمی سطح پر بھی خوب سراہا گیا تھا۔جمعہ کے روز یکم مارچ کو بھارتی پائلٹ ابھینندن کو پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت واہگہ بارڈر پر بھارت کے حوالے کر دیا تھا۔ بھارتی فضائیہ نے پاک فوج کی حراست میں رہنے والے پائلٹ کو ہیرو بنا کر پیش کیا جس کے بعد اب ابھی نندن کی مونچھ کو ''قومی مونچھ'' قرار دینے کا مطالبہ کر دیا گیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات