ابتدائی اسکواڈ کا حصہ نہ ہونے کے باوجود ورلڈ کپ میں بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے والے وہاب ریاض اور محمد عامر بارے سوشل میڈیا پر بحث ،

اگر یہ دونوں ٹیم کا حصہ نہ ہوتے تو ٹیم کی پوزیشن کیا ہوتی،سوشل میڈیا پر گردش کرتے سوال دونوں کھلاڑیوں کو بعد میں سلیکشن کمیٹی و ٹیم مینجمنٹ نے ہی اسکواڈ میں شامل کیا،ترجمان پی سی بی

پیر 24 جون 2019 19:21

ابتدائی اسکواڈ کا حصہ نہ ہونے کے باوجود ورلڈ کپ میں بہترین پرفارمنس ..
لاہور۔24 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2019ء) ورلڈ کپ میں قومی کرکٹ ٹیم میں بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے والے فاسٹ بائولرز محمد عامر اور وہاب ریاض پی سی بی کی طرف سے اعلان کردہ ورلڈ کپ کے ابتدائی اسکواڈ میں شامل نہیں تھے لیکن بعد میں انہیں اسکواڈ میں شامل کیا گیا جبکہ اسپن بائولر شاداب خان کے خون میں وائرس کی وجہ سے ان کی بھی ورلڈ کپ میں شمولیت مشکوک تھی لیکن پی سی بی نے ان کا بہترین علاج کروا کر انہیں ورلڈ کپ اسکواڈ کیلئے فٹ کروا دیا تھا۔

سوشل میڈیا پر بحث چل رہی ہے کہ اگر فاسٹ بائولر محمد عامر ،وہاب ریاض اور شاداب خان ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل نہ ہوتے تو پاکستان ٹیم کا ورلڈ کپ میں کیا حا ل ہوتا ۔ایک شائق نے سوشل میڈیا پر سوال کیا ہے کہ قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق ،ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد نے مشترکہ طور پر فاسٹ بائولر محمد عامر اور وہاب ریاض کو ورلڈ کپ کے ابتدائی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا تھا لیکن بعد میں انگلینڈ کیخلاف سیریز میں دیگر بائولرز کی ناقص پرفارمنس، شائقین اور کرکٹرز کے دبائو پر ان دونوں کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ بنایا ۔

(جاری ہے)

ان دونوں کی شاندار بولنگ کی بناء پر پاکستان ٹیم کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں باقی ہیں ۔دوسری طرف پی سی بی کے ترجمان کا موقف ہے کہ اگر محمد عامر اور وہاب ریاض کو ورلڈ کپ کے ابتدائی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا تھا تو بعد میں بھی وکٹوں کی صورتحال دیکھتے ہوئے سلیکشن کمیٹی اور مینجمنٹ کی مرضی سے ہی وہاب ریاض اور محمد عامر کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ۔وکٹوں کی کنڈیشنز کے مطابق ان دونوں بولرز کی ضرورت تھی اور انہیں ٹیم کا حصہ بنا لیا گیا ۔