Live Updates

بجٹ کی آڑ میں اپوزیشن اپنے ذاتی مفادات کے حصول کی کوشش کر رہی ہے،ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی

اب پاکستان میں بننے والی ہر پالیسی ذاتی مفادات کی بجائے عوامی مفادات کے لیے ہوگی،سرداردوست محمد مزاری

پیر 24 جون 2019 20:03

بجٹ کی آڑ میں اپوزیشن اپنے ذاتی مفادات کے حصول کی کوشش کر رہی ہے،ڈپٹی ..
راجن پور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2019ء) ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سرداردوست محمد مزاری نے "اے پی پی" سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ کی آڑ میں اپوزیشن اپنے ذاتی مفادات کے حصول کی کوشش کر رہی ہے اور معیشت کا بیڑہ غرق کرنے والے آج معصوم بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔لیکن وزیراعظم عمران خان کا یہ اصولی فیصلہ ہے کہ انہوں نے کرپشن اور ذاتی مفادات کی سیاست کے خلاف اعلان جنگ کا جو وعدہ عوام سے کیا ہے وہ اس کی پاسداری کریں گے اور کرپٹ ٹولے کو اس کے انجام تک پہنچاکر چھوڑیں گے۔

اب ملک پاکستان میں بننے والی ہر پالیسی ذاتی مفادات کی بجائے عوامی مفادات کے لیے ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کو تباہ کرنے والے سابقہ حکمران ہیں جنہوں نے قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹا۔

(جاری ہے)

یہ عوام کو دوبارہ گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں مگر اب عوام باشعور ہو چکے ہیں اور جانتے ہیں کہ ان کی کرپشن کے گرد گھیرہ تنگ ہو رہا ہے۔اس لیے ان کی چیخیں نکل رہی ہیں اور بجٹ منظوری کے خلاف سازش کر کے اپنے خلاف مقدمات میں ریلیف کے لیے کوشاں ہیں۔

لیکن یہ بجٹ منظور ہوگا اور اس ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے والوں کے بغیر ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ آج تحریک انصاف کی مثبت پالیسیوں کی بدولت ہچکولے کھاتی معیشت مضبوط ہو رہی ہے۔اب ملک کے اندر ایک ایسا نظام قائم ہو رہا ہے جس میں حق حکمرانی صرف عوام کے پاس ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کہ میری درخواست پر ڈسٹرکٹ راجنپور کے ایم پی ایز سردار فاروق امان اللہ خان دریشک، سردار اویس خان دریشک اور شازیہ عابد ایڈووکیٹ نے ڈسٹرکٹ راجن پور میں سوئی گیس کی فراہمی کیلئے صوبائی اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی ہے جس پر بھرپور طریقے سے کوشش میں ہیں اور قوی امید ہے کہ اسی دور میں ہی عوام کا دیرینہ مطالبہ سوئی گیس کی فراہمی یقینی ہوجائیگی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات