Live Updates

پاکستان کے کرغزستان سمیت شنگھائی تعاون تنظیم کے تمام ممبر ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں،

پاکستان نے ہمیشہ امن کی حمایت کی ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی ہے، پاکستان نہ صرف خطہ بلکہ پوری دنیا سے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے، پاکستان جنوبی ایشیاء میں بالخصوص ناخواندگی، غربت، خوراک کی کمی اور بیماریوں جیسی برائیوں کے خاتمہ کا خواہاں ہے، صحت اور انسانی شعبوں میں تعاون اور تحفظ خوراک کے فروغ کے ذریعے شہریوں کی روزمرہ زندگی سے متعلق شنگھائی تعاون تنظیم کو مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے، بدعنوانی اور وائٹ کالر کرائم کے خاتمہ کیلئے جامع فریم ورک تیار کیا جائے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس 2019ء کے بعد حاصل ہونے والے تجربات اور اس پر پیشرفت سے متعلق مباحثہ سے خطاب

پیر 24 جون 2019 20:05

پاکستان کے کرغزستان سمیت شنگھائی تعاون تنظیم کے تمام ممبر ممالک کے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2019ء) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان کے کرغزستان سمیت شنگھائی تعاون تنظیم کے تمام ممبر ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں، پاکستان نے ہمیشہ امن کی حمایت کی ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی ہے، پاکستان نہ صرف خطہ بلکہ پوری دنیا سے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے، پاکستان جنوبی ایشیاء میں بالخصوص ناخواندگی، غربت، خوراک کی کمی اور بیماریوں جیسی برائیوں کے خاتمہ کا خواہاں ہے، صحت اور انسانی شعبوں میں تعاون اور تحفظ خوراک کے فروغ کے ذریعے شہریوں کی روزمرہ زندگی سے متعلق شنگھائی تعاون تنظیم کو مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے، بدعنوانی اور وائٹ کالر کرائم کے خاتمہ کیلئے جامع فریم ورک تیار کیا جائے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں بشکک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس 2019ء کے بعد حاصل ہونے والے تجربات اور اس پر پیشرفت سے متعلق مباحثہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سیمینار کا مقصد بشکک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں پاکستان کی شراکت داری کو اجاگر کرنا ہے جس میں رواں ماہ کے آغاز پر وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کرغزستان سمیت شنگھائی تعاون تنظیم کے تمام ممبر ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں، جمہوریہ کرغزستان نے اس سربراہ اجلاس کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے، کرغزستان کی جانب سے وزیراعظم عمران خان اور ان کے وفد کی میزبانی اور فقید المثال استقبال قابل تعریف تھا، پاکستان کی شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کا مقصد ہم خیال ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کرنا ہے جس کا مقصد چین، وسطی اور جنوبی ایشیائی خطہ کے ممالک اور ہمسایہ ممالک کے درمیان زیادہ سے زیادہ معاشی روابط کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان انسانی وسائل سے مالا مال ملک ہے، یہاں سیاحت کے وسیع مواقع موجود ہیں اور وسیع زرعی ماحولیاتی نظام ہے، ملک کی خارجہ پالیسی امن، استحکام اور دوستی کے پائیدار بیانیہ کی بنیاد پر مبنی ہے، شنگھائی تعاون تنظیم میں قابل قدر تعاون کے باعث وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان اہمیت حاصل کر گیا ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان چین، مشرق وسطیٰ، وسطی اور جنوبی ایشیائی ممالک کیلئے معاشی گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ چینی صدر کی جانب سے شروع کئے گئے ایک پٹی ایک شاہراہ منصوبہ کے تحت چین پاکستان اقتصادی راہداری کے آغاز کے بعد پاکستان کی اہمیت ابھر کر سامنے آئی ہے، مشرق کی جانب معاشی ترقی کے مرکز کے طور پر توجہ منتقل ہونے سے اس وقت خطہ کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں، پاکستان نے ہمیشہ امن کی حمایت کی ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی ہے اور پاکستان نہ صرف خطہ بلکہ دنیا سے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ تجارت اور جدت کو فروغ دینے کی کوشش کی ہے جو کہ شنگھائی تعاون تنظیم جیسے عالمی فورم میں اس کی شرکت سے واضح ہے۔ پاکستان جنوبی ایشیاء میں بالخصوص ناخواندگی، غربت، خوراک کی کمی اور بیماریوں جیسی برائیوں کے خاتمہ کی خواہش رکھتا ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم میں وزیراعظم عمران خان کی شرکت سے پاکستان کا مثبت تشخص بہتر بنانے کا موقع ملا ہے کیونکہ پاکستانی قوم کے پاس شاندار صلاحیتیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں اپنے خطاب میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان قریبی شراکت داری کے ذریعے کثیر جہتی اقدامات کرکے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی تجویز دی۔ وزیراعظم کے تعاون کے وژن پر عملدرآمد سے تصادم کو مسترد کیا گیا اور علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر پرامن بقائے باہمی کی اہمیت کو فروغ دیا گیا۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے تنازعات کے خطرات کی روک تھام، اعتماد سازی میں اضافہ اور استحکام کے فروغ کے بنیادی مقاصد کے حصول کیلئے شنگھائی تعاون تنظیم کی روح پر من و عن عمل کیا جائے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ بین العلاقائی ترقیاتی ایجنڈے پر عملدرآمد کیلئے مقامی کرنسیوں میں تجارت کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دی جائے، ایس سی او فنڈ اور ایس سی او ڈویلپمنٹ بینک قائم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ علاقائی سطح پر رابطہ کے فروغ کے ساتھ ساتھ بنیادی ڈھانچہ کے رابطوں کو مکمل کرنے اور ڈیجیٹل، سیاحتی، ثقافتی اور تعلیمی روابط کو بھی فروغ دیا جائے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ صحت اور انسانی شعبوں میں تعاون اور تحفظ خوراک کے فروغ کے ذریعے شہریوں کی روزمرہ زندگی سے متعلق شنگھائی تعاون تنظیم کو مزید فعال بنایا جائے، بدعنوانی اور وائٹ کالر کرائم کے خاتمہ کیلئے جامع فریم ورک تیار کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین فورم اور یوتھ کونسل کو مستحکم کرکے خواتین اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر توجہ دی جائے اور انہیں صنفی اعتبار سے مرکزی دھارے میں لا کر مہارتوں کے حصول اور ملازمتوں کے حصول کیلئے بااختیار بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ غربت کے خاتمہ، بنیاد پرستی کے انسداد، روابط اور جدید ٹیکنالوجی پر مشتمل ایس سی او سنٹر فار ایکسیلینس قائم کرنے کیلئے فزیبلٹی شروع کرکے خطہ کے درمیان فرق کے خاتمہ کیلئے مخصوص تحقیق اور پالیسی تشکیل دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پر روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے ساتھ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اچھے تعلقات کی خواہش کو سامنے رکھا۔ معاون خصوصی نے امید ظاہر کی کہ آئندہ سالوں میں پاکستان اپنی شاندار صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرے گا، شنگھائی تعاون تنظیم جیسے اہم بین الاقوامی فورم میں پاکستان کی شرکت سے ہمارا رتبہ بلند ہو گا کیونکہ پاکستانی امن پسند اور بہادر قوم ہے اور پاکستان وسائل سے مالا مال ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات