سپیکر شاہ غلام قادر کی زیر صدارت آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس

پیر 24 جون 2019 20:15

مظفرآباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2019ء) آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس پیر کے روز سپیکر شاہ غلام قادر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر اوقاف راجہ محمد عبدالقیوم خان اور وزیر سماجی بہبود حاجی جاوید اختر کی رخصت کی درخواستیں اتفاق رائے سے منظور کر لی گئیں۔ ممبر اسمبلی و سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان کے توجہ طلب نوٹس اور ممبر اسمبلی سردار صغیر چغتائی کی تحریک التواء پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر جنگلات سردار میر اکبر خان نے کہاکہ آزادکشمیر میں سرسبز درختوں کی کٹائی پر 1997سے پابندی عائد ہے اس وقت آزادکشمیر میں سبز درختوں کی کٹائی کا نہ پرمٹ جاری کیا جاتا ہے اور نہ ہی اس کی اجازت دی جاتی ہے ۔

محکمہ جنگلات اس قانون کی سختی سے پاسداری کررہا ہے ۔

(جاری ہے)

آزادکشمیر میں چینسا اور دیگر جنگل کٹائی کے حالات پر سختی سے پابندی عائد ہے ۔اگر کوئی شخص سبز درخت کاٹے تو اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سوشل میڈیا پر ہر کوئی اپنی مرضی سے مواد وائرل کرتا ہے جو خلاف حقائق بھی ہو سکتا ہے ۔ اگر کسی کے پاس سبز جنگلات کی کٹائی کے حوالہ سے کوئی شواہد ہیں تو میرے نوٹس میں لائے اس کے خلاف سخت کارروائی ہوگی ۔

جنگل قومی دولت ہے اس لیے سب کی سماجی ذمہ داری ہے کہ اس کی حفاظت کریں۔ فاضل ممبران کی شکایات کا ازالہ کیا جائیگا۔سپیکر اسمبلی نے اس معاملہ پر سٹینڈ نگ کمیٹی کی میٹنگ طلب کر کے معاملہ کو زیر بحث لانے کی رولنگ دیدی۔ ممبراسمبلی عبدالماجد خان نے پوائنٹ آف آرڈر پر کہاکہ سٹینڈ نگ کمیٹیوں کے حوالہ سے قواعد انضباط میں ترامیم کرنے کیلئے کمیٹی کا اجلاس بلایا جائے ۔

سٹینڈنگ کمیٹی کے اختیارات میں ترمیم ناگزیر ہے تاکہ کمیٹیوں کو بااختیار بنایا جا سکے ۔ وزیر برقیات راجہ نثار احمد خان نے کہا کہ سٹینڈنگ کمیٹیوں کے اختیارات کے حوالہ سے قوانین واضح ہیں ۔ سٹینڈنگ کمیٹی اسمبلی کی سب سے طاقتور کمیٹی ہوتی ہے ۔ یہ کمیٹی محکمہ کیلئے پالیسی کا بھی تعین کر سکتی ہے ۔ ممبر اسمبلی محترمہ سحرش قمر کے توجہ طلب نوٹس کے جواب میں وزیر تعلیم بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہاکہ محکمہ صحت کا عملہ ریگولر بنیادوں پر پرائمری سکولوں میں جاکر بچوں کو حفاظتی ٹیکے اور پولیو کے قطرے پلاتے ہیں۔

اس حوالہ سے مزید بہتری لائی جارہی ہے تاکہ بچوں کو حفاظتی ٹیکے بروقت لگوائے جا سکیں۔ محکمہ صحت کے متعلقہ حکام اور فاضل ممبر کی مشاورت سے مزید بہتری کیلئے اقدامات کرینگے ۔