شکیب الحسن کا ورلڈ کپ ٹورنامنٹس کی تاریخ میں مسلسل ابتدائی 5 اننگز میں ففٹی پلس سکور بنانے کا نیا ریکارڈ

ورلڈ کپ میچز میں ہزار رنز مکمل کرنے والے پہلے بنگلہ دیشی بلے باز بن گئے، میگا ٹورنامنٹس میں 10 مرتبہ ففٹی پلس رنز کی اننگز کھیل کر مشترکہ طور پر دنیا کے چوتھے بلے باز کا اعزاز بھی پا لیا

پیر 24 جون 2019 20:48

شکیب الحسن کا ورلڈ کپ ٹورنامنٹس کی تاریخ میں مسلسل ابتدائی 5 اننگز میں ..
سائوتھمٹن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2019ء) سٹار بنگلہ دیشی آل رائونڈر شکیب الحسن نے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹس کی تاریخ میں مسلسل ابتدائی 5 اننگز میں ففٹی پلس رنز کی اننگز کھیل کر نیا ریکارڈ اپنے نام کر لیا، اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے ورلڈ کپ میچز میں کیریئر کے ہزار رنز بھی مکمل کر لئے اور وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے بنگلہ دیشی بلے باز بن گئے ہیں، اس کے علاوہ شکیب نے میگا ٹورنامنٹس میں 10 مرتبہ ففٹی پلس رنز کی اننگز کھیل کر مشترکہ طور پر دنیا کے چوتھے بلے باز ہونے کا اعزاز بھی پا لیا ہے۔

انہوں نے پیر کو افغانستان کے خلاف کھیلے گئے ورلڈ کپ میچ میں شاندار ففٹی بنا کر یہ کارنامہ انجام دیا۔ شکیب رواں ایونٹ میں اب تک دو سنچریاں اور تین نصف سنچریاں بنا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے 2007ء سے 2019ء میں منعقد ہونے والے ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں 27 میچز میں 1016 رنز بنا لئے ہیں جس میں ان کی دو سنچریاں اور 8 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ وہ میگا ٹورنامنٹس کی تاریخ میں 10 مرتبہ ففٹی پلس رنز کی اننگز کھیل کر ہرشل گبز، جیک کیلس اور اے بی ڈی ویلیئز کے ہم پلہ ہو گئے ہیں، ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں زیادہ مرتبہ ففٹی پلس رنز کی اننگز کھیلنے کا عالمی اعزاز ٹنڈولکر کے پاس ہے جنہوں نے 21 مرتبہ یہ سنگ میل عبور کیا، کمار سنگاکارا 12 مرتبہ اعزاز حاصل کر کے دوسرے اور رکی پونٹنگ 11 مرتبہ کارنامہ انجام دے کر تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔