پاکستان اور نیٹو کے افغان امن عمل کے حوالہ سے مؤقف میں کافی یکسانیت ہے ،

دونوں افغانستان کے مسئلہ کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے حامی ہیں، پاکستان نے افغانستان میں سہ رکنی اتحاد ’’ایساف‘‘ کے تحت نیٹو اور امریکی فورسز کی ہر ممکن مدد کی ہے، جنرل سیکرٹری نیٹو خطہ میں قیام امن کیلئے پاکستان کے تعاون اور مثبت کردار کا معترف ہے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی برسلز میں مغربی دفاعی اتحاد کے جنرل سیکرٹری نیٹو سے ملاقات میں گفتگو

پیر 24 جون 2019 21:14

پاکستان اور نیٹو کے افغان امن عمل کے حوالہ سے مؤقف میں کافی یکسانیت ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2019ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور نیٹو کے افغان امن عمل کے حوالہ سے مؤقف میں کافی یکسانیت ہے کیونکہ دونوں افغانستان کے مسئلہ کو افغان قیادت سے مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے حامی ہیں، پاکستان نے افغانستان میں سہ رکنی اتحاد ’’ایساف‘‘ کے تحت نیٹو اور امریکی فورسز کی ہر ممکن مدد کی ہے۔

جنرل سیکرٹری نیٹو سٹولٹن برگ نے کہا کہ نیٹو خطہ میں قیام امن کیلئے پاکستان کے تعاون اور مثبت کردار کا معترف ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے برسلز میں نیٹو ہیڈکوارٹرز کے دورہ کے موقع پر مغربی دفاعی اتحاد کے جنرل سیکرٹری نیٹو سٹولٹن برگ سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں پاکستان اور نیٹو کے مابین دوطرفہ تعاون، افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ کیا گیا۔

اس موقع پر مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور نیٹو کے مابین 2010ء سے لے کر آج تک دوطرفہ سیکورٹی تعاون کے حوالہ سے مذاکرات کے 8 ادوارِ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو نے بھی مشکل حالات میں پاکستان کا ساتھ نبھایا ہے خاص طور پر2005ء میں آنے والے شدید ترین زلزلے میں نیٹو نے امدادی کارروائیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 2010ء میں پاکستان میں سیلاب نے شدید تباہی پھیلائی تو اس وقت بھی نیٹو اراکین نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا۔

نیٹو سیکرٹری جنرل سٹولٹن برگ نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن اور دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے، نیٹو خطہ میں قیام امن کیلئے پاکستان کے تعاون اور مثبت کردار کا معترف ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔