بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور گرد و نواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے

پیر کی شب کو آنے والے زلزلے کے باعث لوگ خوف و ہراس کا شکار ہو کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے

muhammad ali محمد علی پیر 24 جون 2019 23:54

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور گرد و نواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے
کوئٹہ (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24جون2019ء) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور گرد و نواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے، پیر کی شب کو آنے والے زلزلے کے باعث لوگ خوف و ہراس کا شکار ہو کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ تفصیلات کے مطابق رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پیر کی شب کو زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق زلزلے کے جھٹکے کوئٹہ کے علاوہ گرد و نواح کے علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔

(جاری ہے)

زلزلے کے جھٹکوں کے باعث لوگ خوف و ہراس کا شکار ہو گئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ تاہم زلزلے کے باعث کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ دوسری جانب سے زلزلہ پیما مرکز کی جانب سے زلزلے کی شدت، مرکز اور گہرائی سے متعلق تفصیلات فراہم کرنے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

یہاں یہ بات واضح رہے کہ حالیہ کچھ برسوں کے دوران پاکستان مسلسل زلزلوں کی زد میں ہے۔ پے درپے زلزلوں کا سلسلہ 2005 کے تباہ کن زلزلے کے بعد سے شروع ہوا تھا، جو اب تک جاری ہے۔ تاہم عمومی طور پر آنے والے زلزلوں کی شدت بہت زیادہ نہیں ہوتی، اسی باعث شہری علاقے نقصان سے محفوظ رہتے ہیں۔