اے پی سی کی تاریخ میں تبدیلی کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں میں پھوٹ پڑ گئی

مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی درخواست پر آل پارٹیز کانفرنس کی تاریخ تبدیل کرنے سے انکار کردیا

muhammad ali محمد علی منگل 25 جون 2019 00:24

اے پی سی کی تاریخ میں تبدیلی کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں میں پھوٹ پڑ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جون2019ء) اے پی سی کی تاریخ میں تبدیلی کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں میں پھوٹ پڑ گئی، مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی درخواست پر آل پارٹیز کانفرنس کی تاریخ تبدیل کرنے سے انکار کردیا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کو گرانے یا اس کیخلاف تحریک چلانے کے حوالے سے بلوائی گئی آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کی تاریخ کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں میں پھوٹ پڑ گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان مسلم لیگ ن اور اے این پی کی جانب سے جمیعت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے درخواست کی گئی ہے کہ 26 مئی کو شیڈول آل پارٹیز کانفرنس ملتوی کر دی جائے گی۔ بجٹ کے معاملے پر قومی اسمبلی کا سیشن جاری ہے جو 29 جون تک جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

اسی باعث ن لیگ، پیپلز پارٹی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے آل پارٹیز کانفرنس فی الحال ملتوی کرنے کی درخواست کی ہے۔

تاہم جمیعت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی درخواست قبول کرنے سے انکار کردیا ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے موقف اختیار کیا ہے کہ چونکہ آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کیلئے دعوت نامے بھیجے جا چکے، اس لیے کانفرنس ملتوی نہیں کی جا سکتی۔ اسی باعث اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس انعقاد  سے قبل ہی ناکام ہوتے دکھائی دے رہی ہے۔

جبکہ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن جماعتوں کو مشورہ دیا ہے کہ اپوزیشن کے اراکین اسمبلی استعفیٰ دے دیں، یوں حکومت خود ہی ختم ہو جائے گی۔ اپوزیشن جماعتوں نے اس حوالے سے مشاورت کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ تاہم اس حوالے سے مولانا فضل الرحمان کو کوئی حتمی جواب دینے سے گریز کیا گیا ہے۔