حارث سہیل نے شاندارکارکردگی سے ناقدین کے منہ بند کردئیے

عبدالرزاق نے حارث کو ون ڈے ٹیم میں شامل کرنیکی مخالفت کی تھی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 25 جون 2019 11:01

حارث سہیل نے شاندارکارکردگی سے ناقدین کے منہ بند کردئیے
لندن(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25جون2019ء) قومی مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل نے ایک بار پھر اپنے انتخاب کو درست ثابت کر تے ہوئے ناقدین کے منہ بند کردئیے۔ا نہوں نے نہ صرف اپنے سینئرز کے بیان کو بیٹنگ سے متعلق غلط ثابت کیا بلکہ شعیب ملک کی ورلڈکپ مہم جوئی بھی ختم کردی ہے۔ واضح رہے کہ سابق ٹیسٹ آل راﺅنڈر عبدالرزاق نے چند دن قبل کہا تھا کہ حارث سہیل ون ڈے کے بیٹسمین نہیں ہیں اور انہیں ورلڈ کپ کیلئے پاکستانی ٹیم میں شامل نہیں کرناچاہئے تھا۔

2018 ءسے حارث سہیل نے پاکستان کیلئے 53 کی اوسط سے 643 رنز بنائے جس میں دو سنچریاں بھی شامل ہیں۔ انہیں ٹرینٹ برج میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ورلڈ کپ میچ کھلایا گیا جس میں انہوں نے آٹھ رنز بنائے تھے جس کے بعد شعیب ملک ٹیم میں آگئے اورحارث سہیل کو ورلڈ کپ کے تین میچوں میں باہر کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا اور بھارت کے خلاف دو میچوں میں بغیر کوئی رن بنائے آﺅٹ ہونے پر شعیب ملک کو خراب بیٹنگ فارم کی وجہ سے ڈراپ کیا گیا جب کہ انہوں نے ورلڈ کپ2019ءمیں جس طرح کی کارکردگی دکھائی ہے اس کے بعد ٹی ٹونٹی ٹیم میں بھی ان کی جگہ مشکل دکھائی دے رہی ہے تاہم 37 سالہ شعیب ملک2020ءکا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کھیل کر انٹر نیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنا چاہتے ہیں۔