فجیرہ میں گھر میں آتش زدگی سے دو ننھے بچے جاں بحق ہو گئے

والدین وقوعہ کے وقت اپنی ڈیوٹی پر تھے جب ان کے بچے اس بھیانک حادثے کا شکار ہوئے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 25 جون 2019 11:14

فجیرہ میں گھر میں آتش زدگی سے دو ننھے بچے جاں بحق ہو گئے
فجیرہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین- 25جُون 2019ء) متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ میں ایک انتہائی افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں دو ننھے مُنے بچے زندگی سے محروم ہو گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ فجیرہ کے ضلع مزہب میں واقع ایک گھر میں پیش آیا جب وہاں اچانک آگ بھڑک اُٹھی جس کے نتیجے میں 3 سالہ لڑکی حُور اور اس کا 4 سال کا بھائی فہد دھوئیں کے باعث دم گھُٹنے سے جاں بحق ہو گئے۔

فجیرہ سول ڈیفنس کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر علی ال تُنیجی نے بتایا کہ آپریشن رو کو سوموار کی صبح ساڑھے دس بجے اطلاع مِلی کہ ایک گھر میں آگ بھڑک اُٹھی ہے۔ جب آگ بجھانے والا عملہ موقع پر پہنچا اور آگ بُجھا کر بچوں کے کمرے میں داخل ہوئے تو دیکھا کہ دونوں بچے بیڈ کے نیچے بے حِس و حرکت پڑے ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

وہاں پر موجود طبی عملے نے اُن کی دم گھُٹنے کے باعث موت کی تصدیق کر دی۔

دونوں بچے اپنی دادی کے گھر پر موجود تھے جبکہ اماراتی والدین ڈیوٹی پر گئے ہوئے تھے جس دوران اُن کے کمرے میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی۔ بچوں کی چیخ و پکار سُن کر اُن کی پھُوپھی اپنے کمرے سے باہر آئی تو دیکھا کہ بچوں کے کمرے میں آگ لگی ہوئی ہے۔ پھُوپھی نے بچوں کے کمرے کا دروازہ کھولنے کی کوشش کی مگر وہ اندر سے لاک تھا۔  بچوں کی دادی دوڑی دوڑی ہمسایوں کے گھر گئی اور اُن سے مدد کی درخواست کی جنہوں نے فوری طور پر پولیس آپریشنز روم کو اطلاع کر دی۔ ریسکیو ٹیم نے دروازے کے لاک کھول کر بچوں کو بیڈ کے نیچے سے باہر نکالا تو وہ دونوں بے حِس و حرکت پائے گئے۔ ابھی تک آتش زدگی کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں۔ دونوں بچوں کے پوسٹ مارٹم کے بعد ان کی مزہاب کے قبرستان میں تدفین کر دی گئی۔