سگی بیٹی سے زیادتی اور دو بچیوں کے قاتل باپ کو 25 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ کی سزا

منگل 25 جون 2019 11:28

سگی بیٹی سے زیادتی اور دو بچیوں کے قاتل باپ کو 25 سال قید اور ایک لاکھ ..
ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2019ء) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج خالد حسین کی ماڈل کورٹ نے سگی بیٹی سے زیادتی اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی دو بچیوں کو قتل کر کے زندہ درگور کرنے والے درندہ صفت باپ کو 25 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی ہے۔ مدعی کی جانب سے معروف ایڈووکیٹ شاہ سلطان خان طاہر خیلی نے مقدمہ کی پیروی کی جبکہ سرکاری وکیل حبیب الله خان نے بھی ملزم کو سزا دلوانے میں بہترین کردار ادا کیا جنہوں نے پولیس کی جانب سے پیش کئے جانے والے چالان میں ملزم کے خلاف جرم ثابت کیا۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ خان پورکی حدود بریلہ چھوئی میں 26 اپریل 2015ء کو ایف آئی آر درج ہوئی جس میں مدعیہ نے انکشاف کیا تھا کہ ملزم بختی ولد جمروز ساکنہ سیدو شریف حال بریلہ چھوئی نے اپنی سگی بیٹی کے ساتھ عرصہ درازسے جنسی زیادتی کرتا رہا اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی دو بچیوں کو قتل کر کے انہیں قریب قبرستان میں دفنا دیا ہے۔

(جاری ہے)

خان پور پولیس نے بیوی کی رپورٹ پر دو بچیوں کی قبر کی کشائی کر کے ان کے ڈیڈ باڈی کی تصدیق بھی کی تھی جو والد کے بُرے فعل سے اپنی ہی سگی بیٹی سے تین بچیاں ہوئی جن میں سے دو کا گلہ گھونٹ کر انہیں قتل کر دیا تھا۔

خان پور پولیس نے ملزم کی گرفتاری اور اس پر زیر دفعہ 376 اور 302 اور 506 پی پی سی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے جیل بھیج دیا۔ بعد ازاں مذکورہ کیس ہری پور کی ماڈل کورٹ میں سماعت ہوئی جہاں مدعی کی جانب سے ایڈووکیٹ شاہ سلطان خان طاہر خیلی نے مقدمہ کی پیروی اور ملزم پر مقدمہ ثابت ہوا جس پر عدالت ماڈل کورٹ کے جج خالد حسین نے بالا تمام دفعات میں جرم ثابت ہونے پر ملزم کو 25 سال عمر قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔