Live Updates

پھر کہتا ہوں کہ کسی صورت این آر او نہیں دوں گا

مجھے براہ راست این آر او کے لیے اپروچ نہیں کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 25 جون 2019 13:11

پھر کہتا ہوں کہ کسی صورت این آر او نہیں دوں گا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 جون 2019ء) : وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں پھر کہتا ہوں کہ کسی کو ہرگز این آر او نہیں دوں گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہوا۔ وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اراکین قومی اسمبلی کے ساتھ سینیٹرز کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔

اجلاس میں بجٹ کی منظوری کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی ۔ اجلاس میں بجٹ منظور کرانے کی حکمت عملی طے کرنے کے حوالے سے مشاورت بھی کی گئی۔ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ میں کسی کو این آر او نہیں دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ میں پھر کہہ رہا ہوں کہ میں کسی کو این آر او نہیں دوں گا ، این آر او کے لیے مجھے براہ راست اپروچ نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں امیر قطر کے دورہ پاکستان کے بعد سے این آر او ہونے کی خبروں کو سختی سے مسترد کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اجلاس میں کہا کہ اپوزیشن احتجاج کا شوق پورا کر لے مجھے کوئی پرواہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ منظوری قانونی تقاضہ ہے، تمام اراکین اپنی حاضری یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا معاشی سمت کا تعین کر دیا ہے، بحران سے نکل رہے ہیں، انہوں نے ہدایت کی کہ اراکین پارلیمنٹ بھی ٹیکس دینے کے لیے عوام میں آگاہی مہم چلائیں۔

اراکین عوام کو معاشی بحران کے ذمہ داروں سے آگاہ کریں۔سب کو معلوم ہے میں کرپشن کیسز پر سمجھوتہ نہیں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں اور بلوچستان کے ترقیاتی فنڈ میں اضافہ کیا ہے۔پاک فوج نے فاٹا اور بلوچستان کے لیے اپنی تنخواہوں کا اضافہ نہیں لیا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل بھی وزیراعظم عمران خان کئی مرتبہ این آر او نہ دینے کا اعلان کر چکے ہیں ، وزیراعظم عمران خان نے صاف کہہ رکھا ہے کہ چوروں اور لٹیروں کا احتساب ہو گا اور کسی کو کسی قسم کا این آر او نہیں دیا جائے گا۔

اور اسی عزم کا اعادہ انہوں نے آج پارلیمنٹ ہاؤس میں پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں بھی کیا۔ یاد رہے کہ قومی اسمبلی آج بجٹ پر بحث مکمل کر لے گی، بجٹ پر اب تک 45 گھنٹے سے زائد بحث کی جاچکی ہے ۔434 کھرب 77 ارب روپے سے زائد کے لازمی اخراجات منظوری کے لئے ایوان میں پیش کیے جائیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات