سعودی عرب میں منفرد اقامہ کے لیے آن لائن درخواستوں کی وصولی شروع

اب تک منفرد اقامہ مرکز کی ویب سائٹ پر سینکڑوں درخواستیں وصول کی جا چکی ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 25 جون 2019 14:12

سعودی عرب میں منفرد اقامہ کے لیے آن لائن درخواستوں کی وصولی شروع
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین- 25جُون 2019ء) سعودی عرب میں منفرد اقامہ کے اُمیدواروں سے آن لائن درخواستوں کی وصولی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ 23 جُون 2019ء کو اس سروس کے آغاز کے بعد منفرد اقامہ مرکز کی ویب سائٹ https://www.saprc.gov.sa پر سینکڑوں غیر مُلکی درخواستیں جمع کرا چکے ہیں۔ منفرد اقامہ مرکز کا قیام اقامے سے متعلق معاملات نمٹانے کے لیے وجود میں لایا گیا ہے جو کہ مالی اور انتظامی لحاظ سے ایک خود مختار ادارہ ہے جس کے سربراہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ہیں۔

اقامہ مرکز نے آن لائن کارروائی کیلئے مکمل ویب سائٹ saprc کے نام سے قائم کی ہے۔منفرد اقامہ کا امیدوار اس ویب سائٹ پر نہ صرف یہ کہ اقامے کی درخواست پیش کرسکے گا بلکہ اسے مطلوبہ دستاویزات پیش کرنے کی سہولت بھی حاصل ہوگی۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں آن لائن ہی فیس بھی ادا کی جاسکے گی۔ اس ویب سائٹ سے منفرد اقامہ قانون سے متعلق تمام تر معلومات بھی حاصل کی جا سکتی ہیں۔

سعودی کابینہ نے منفرد اقامہ قانون کی منظوری خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کی زیرصدارت اجلاس میں 5ہفتے قبل دی تھی۔جس کے تحت سعودی مملکت غیر مُلکیوں کو 2طرز کے منفرد اقامے جاری کرے گی۔ ان میں سے ایک کو دائمی منفرد اقامہ (اقامہ ممیزہ دائمہ) کا نام دیا گیا ہے۔جس کی فیس زندگی بھر میں صرف ایک بار 8 لاکھ ریال وصول کی جائے گی۔ یہ اقامہ 99سال کے لیے کارآمد ہو گا۔

تاہم اس کے لیے مقررہ شرائط پُوری کرنا ضروری ہے۔ جبکہ دُوسری قسم کا منفرد اقامہ ایک سال کے لیے کار آمد ہو گاجس کی سالانہ فیس ایک لاکھ ریال مقرر کی گئی ہے۔ ایک سالہ منفرد اقامے کے حقوق عام اقامہ رکھنے والوں کے حقوق سے زیادہ ہیں۔ اگر کوئی غیر ملکی ایک سال سے زیادہ کی فیس ایک سالہ منفرد اقامے کیلئے جمع کرانا چاہے گا تو اسے 2فیصد رعایت دی جائیگی۔