Live Updates

لاہور کی سیشن عدالت نے قتل کیس میں شریف برادران کو بری کر دیا

دونوں کے خلاف خاتون کے قتل کا کیس تھانہ ٹاؤن شپ میں درج ہوا تھا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 25 جون 2019 16:18

لاہور کی سیشن عدالت نے قتل کیس میں شریف برادران کو بری کر دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 جون 2019ء) : لاہور کی سیشن عدالت نے نواز شریف اور شہباز شریف کو قتل کیس میں بری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق شریف برادران کے خلاف خاتون کےقتل کا کیس تھانہ ٹاؤن شپ میں درج ہوا تھا۔ دونوں بھائیوں پر الزام تھا کہ انہوں نے اپنے والد میاں شریف کے ساتھ مل کرخاتون کوقتل کیا۔ تاہم اب سیشن کورٹ نے دونوں بھائیوں کو خاتون کے قتل کے الزام سے بری کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ نواز شریف اور شہباز شریف سیاستدان نہیں بلکہ عام شہری ہیں اور دونوں بھائی سابق وزیراعظم اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے ہم نام ہیں اور اس سے بھی دلچسپ بات کہ والد کا نام بھی میاں شریف ہے۔ خیال رہے کہ کئی مرتبہ شہری سیاسی وابستگیوں کی وجہ سے اپنے بچوں کو نام دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

حال ہی میں دنیاپور میں عید الفطر کے موقع پر ایک غریب کسان کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی۔

محمد شریف نامی اس کسان نے اپنے بچوں کے نام ''نواز شریف '' اور ''شہباز شریف'' رکھ دئے۔ محمد شریف نے کہا کہ عید کے موقع پر میرے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش سے عید الفطر کا مزہ دوبالا ہو گیا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی گذشتہ برس سابق وزیرا عظم نواز شریف کے ہم نام نواز شریف نے این اے 120 سے الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کیا تھا۔ سابق وزیراعظم کے ہم نام شہری نواز شریف کا کہنا تھا کہ میں این اے 120 میں بطور آزاد امیدوار کھڑا ہوا ہوں اور میں قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نوازشریف کو اپنا لیڈر مانتا ہوں۔

اور خود بھی انہی کو ووٹ ڈالوں گا ۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کے نام پر اپنا نام رکھنے کی وجہ بتاتے ہوئے نوازشریف نے بتایا کہ میرے والد جن کا نام محمد شریف ہے ، ان کو میاں محمد نوازشریف سے بہت محبت تھی تاہم اسی وجہ سے انہوں نے اپنے بیٹے کا نام نواز رکھا۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات