وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے چیئر پرسن پاک۔برطانیہ تجارت و سرمایہ کاری فورم اور رکن یورپی پارلیمان بیرونس نوشینا مبارک کی ملاقات

پاکستان اور یورپی یونین کے مابین دوطرفہ تعلقات، کشمیر کاز کیلئے ممبران یورپی پارلیمنٹ کی کاوشوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

منگل 25 جون 2019 18:01

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے چیئر پرسن پاک۔برطانیہ تجارت و سرمایہ ..
برسلز ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2019ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے پاک۔برطانیہ تجارت و سرمایہ کاری فورم (پی بی ٹی آئی ایف) کی چیئر پرسن اور یورپی پارلیمان کی رکن بیرونس نوشینا مبارک نے منگل کو یہاں برسلز میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور یورپی یونین کے مابین دوطرفہ تعلقات، کشمیر کاز کیلئے ممبران یورپی پارلیمنٹ کی کاوشوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے حالیہ انتخابات میں بیرونس نوشینا مبارک کو رکن یورپی پارلیمنٹ منتخب ہونے پر مبارکباد دی جبکہ نوشینا مبارک نے وزیر خارجہ کو اپنی پاک۔برطانیہ تجارت و سرمایہ کاری فورم (پی بی ٹی آئی ایف) کی چیئرپرسن کی حیثیت سے کی جانے والی کاوشوں سے بھی آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستانی نژاد اراکین کی یورپی پارلیمنٹ میں موجودگی جہاں پاکستانیوں کو مین سٹریم میں لانے میں مددگار ثابت ہو گی وہاں پاکستان اور یورپی یونین کے مابین تعلقات کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہو گی۔

یورپی پارلیمنٹ میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالہ سے ہونے والی سماعت اور متفقہ قرارداد سے کشمیر کے حوالہ سے پاکستان کے مؤقف کی تائید ہوئی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیر کاز کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں پاکستانی نژاد پارلیمنٹیرینز کا کردار قابل تحسین رہا ہے۔