میزان بینک کا آئی بی ایم کے ساتھ معاہدہ

منگل 25 جون 2019 18:13

میزان بینک کا آئی بی ایم کے ساتھ معاہدہ
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2019ء) میزان بینک نے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کو تیز کرنے کیلئے آئی بی ایم کے ساتھ شراکت داری کے ایک معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں۔ یہ نیا سلوشن اعدادوشمار کے حقیقی تجزیئے اور بینک صارفین کے رویے کو جانچنے میں مدد فراہم کرے گا۔ ملک کے 180 شہروں میں 676 برانچوں میں میزان بینک آئی بی ایم کے ڈیٹا اینالیٹکس کے ذریعے صارفین کے تجربے کوبہتر اور پرسنلائزڈ بنانے، بینک کے آپریشنز کے استعداد کار میں اضافے اور مالیاتی خطرات کو کم کرے گا۔

منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس وقت میزان بینک کے 2 ملین سے زائد صارفین ہیں، آئی بی ایم کے ساتھ شراکت داری میزان بینک کو صارفین کے حصول، سروسنگ کے ساتھ ساتھ مجموعی پیداوار کے فروغ میں مدد فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میزان بینک کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر عارف الاسلام نے کہا کہ میزان بینک اپنے آپریشنز اور صارفین کیلئے ا علیٰ ٹیکنالوجی کی بڑھتی ہوئی اہمیت سے آگاہ ہے، ہم ٹیکنالوجی میں بھاری سرمایہ کاری جاری رکھیں گے اور مجھے امید ہے کہ ڈیٹا اینالیٹکس پراجیکٹ ایک گیم چینجر ثابت ہو گا، ہماری کوشش ہے کہ ٹیکنالوجی کے دیئے گئے ٹولز کو استعمال کرتے ہوئے صارفین کی توقعات پر پورا اتریں۔

انہوں نے کہا کہ بینکنگ انڈسٹری کا مستقبل اس رفتار پر منحصر ہے جس کے ساتھ ہم ان نئے حقائق کو اپنا سکتے ہیں۔ ڈیٹا اینالیٹکس پراجیکٹ کی تنصیب میزان بینک کوسوشل میڈیا اور موبائل جیسے مختلف ذرائع سے حقیقی وقت میں اعدادوشمار کو جانچنے اور تجزیہ کرنے کی صلاحیت فراہم کرے گی جس کے نتیجے میں صارفین کے رویے کو جانچنے جیسا کہ ماضی میں کی گئی خریداری کے طرزِ عمل کو جاننے اور مزید باخبر اعداوشمار سے متعلق فیصلے کرنے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر آئی بی ایم پاکستان کے کنٹری جنرل منیجر غضنفر علی نے کہاکہ مسابقتی مالیاتی سروسزانڈسٹری میں ڈیٹا سب سے بڑا عنصر بن گیا ہے۔