خصوصی افراد کے لئے بہتر قوانین تشکیل دئیے جارہے ہیں، سید قاسم نوید قمر

منگل 25 جون 2019 20:17

خصوصی افراد کے لئے بہتر قوانین تشکیل دئیے جارہے ہیں، سید قاسم نوید ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2019ء) وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کو مزید بہتر سہولیات فراہم کرنے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے محکمہ بحالی خصوصی افراد کے لئے نئے قوانین بنارہا ہے اور ان قوانین کا مقصد خصوصی افراد کو زندگی گزارنے کے بہتر مواقع مہیا کرنا ہے تاکہ وہ ایک خودمختار زندگی گزار سکیں۔

منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں منعقد ہونے والے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سندھ غلام نبی نظامانی، ڈپٹی سیکرٹری شاہ زیب شیخ اور غیر سرکاری تنظیم نا ڈی پی ڈی کے محمد عمیر اور دیگر نمائندے بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ مجوزہ قوانین ایک غیر سرکاری تنظیم کے تعاون اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ڈرافٹ کئے جارہے ہیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ ان کی ہر ممکن کوشش ہے کہ خصوصی افراد کو رسائی کے زیادہ سے زیادہ مواقع مہیا کئے جائیں تاکہ وہ اپنی زندگیاں عزت اور وقار کے ساتھ خود مختار طریقے سے بسر کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ قوانین میں خصوصی افراد کے لئے انشورنس کی سہولت کے ساتھ تعلیم اور صحت کی بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی اور تمام سرکاری و نجی اور تجارتی عمارتوں میں ریمپ اور اسپیشل باتھ روم کی سہولت کو یقینی بنایا جائے گا۔

وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انہیں خاص ہدایت کی ہے کہ خصوصی افراد کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے تاکہ وہ ایک آرام دہ اور با وقار زندگی گزار سکیں۔