گورنرسندھ کی زیر صدارت گورنر ہائوس میں اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد

منشیات کی روک تھام یقینی بنانے کے لئے ایڈوائژری کمیٹی تشکیل دینے کا اصولی فیصلہ ایڈوائژری کمیٹی میں اینٹی نارکوٹکس فورس ، سندھ رینجرز، پولیس ، سی پی ایل سی کے نمائندگان سمیت عمائدین شہر شامل ہونگے

منگل 25 جون 2019 21:03

گورنرسندھ کی زیر صدارت گورنر ہائوس میں اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2019ء) گورنرسندھ عمران اسماعیل کی زیر صدارت گورنر ہائوس میں منشیات کی روک تھام سے متعلق آگاہی مہم کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں قائم مقام انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر کامران فضل ، اینٹی نارکوٹکس فورس کے کمانڈر بریگیڈئر مسرو ر احمد ، ایڈیشنل آئی جی پولیس کراچی ڈاکٹر امیر شیخ ،سی پی ایل سی چیف زبیر حبیب ، معروف صنعت کار سردار یٰسین ملک ، مہتاب الدین چائولہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تعلیمی اداروں میں بڑھتی ہوئی منشیات کے استعمال کی روک تھا م ، ملوث عناصر کے خلاف کارروائی اور اس سے متعلق عوام میں باضابطہ آگاہی مہم کا آغازکیا جائے گا، پہلے مرحلے میں آگاہی مہم کا آغاز مختلف نجی و سرکاری تعلیمی اداروں سے کیا جائے گا، اس ضمن میں منشیات کے خلاف مہم میں میڈیا کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں منشیات کے مکمل خاتمے کو یقینی بنانے کے لئے ایک ایڈوائژری کمیٹی تشکیل دینے کا اصولی فیصلہ کیا گیا، ایڈوائژری کمیٹی میں اینٹی نارکوٹکس فورس ، سندھ رینجرز، پولیس ، سی پی ایل سی کے نمائندگان سمیت عمائدین شہر شامل ہونگے جبکہ ایڈوائژری کمیٹی انسداد منشیات مہم کی مانیٹرنگ بھی کرے گی ۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ منشیات کے روک تھام کئے بغیر آئندہ نسل کو اس لعنت سے محفوظ نہیں بنایا جا سکتا ، موجودہ حکومت منشیات کا مکمل خاتمہ کرنے کے لئے پر عزم ہے۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ والدین سے درخواست کرتاہوں کہ و ہ اپنے بچوں کی روزمرہ سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اے این ایف اور سی پی ایل سی کے تعاون سے منشیات فروشوں کی روک تھا کے لئے سی پی ایل سی کے مرکزی دفتر میں خصوصی ڈیسک قائم کی جارہی ہے ، جہاں شہری بلا خوف منشیات فروشوں کے بارے میں اطلاعات فراہم کرسکتے ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ عوام منشیات فروشوں کی نشاندہی کریں یقین دلاتا ہوں کہ ان کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا ، جبکہ عوام کی اطلاعات پر اے این ایف منشیات فروشوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائے گی۔