جماعت اسلامی پاکستان میں احیائے اسلام کیلئے جدوجہد کررہی ہے، جماعت اسلامی صحافت کی آزادی پر یقین رکھتی ہے،محمدحسین محنتی

تشدد اور دھونس دھمکیوں سے آزادی اظہار اور میڈیا کے نمائندوں کو اپنا ماتحت نہیں بنایا جاسکتا، صحافیوں کے اعزاز میں منعقدہ عید ملن پارٹی سے خطاب

منگل 25 جون 2019 21:03

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2019ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیرو سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی پاکستان میں احیائے اسلام کیلئے جدوجہد کررہی ہے، جماعت اسلامی صحافت کی آزادی پر یقین رکھتی ہے،کراچی پریس کلب کے صدرامتیاز فاران پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں،تشدد اور دھونس دھمکیوں سے آزادی اظہار اور میڈیا کے نمائندوں کو اپنا ماتحت نہیں بنایا جاسکتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو قباء آڈیٹوریم میں صحافی برادری کے اعزاز میں منعقدہ عید ملن پارٹی سے خطاب اور سوالات کے جوابات کے دوران کیا۔ا س موقع پرنائب امیر جماعت اسلامی سندھ عبدالغفار عمر، جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ،صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا،ریاض صدیقی اور وزیرعلی جمالی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ ٹیکس نیٹ میں اضافے کی حمایت کرتے ہیں لیکن سرمایاکاروں اورعوام کو ڈرانے دھمکانے کی اجازت نہیں دے سکتے،کرپشن کیخلاف مؤثر اقدامات کرنے ہونگے، پاناما لیکس میں شامل نواز شریف کو جیل لیکن باقی تین سو سے زائد افراد کیخلاف کیا کاروائی ہوئی کسی کو بھی پتہ نہیں ہے،اے پی سی سے الگ اسلئے ہوئے کہ ہم عوامی مسائل پر اپنے پرچم اور اپنے منشور کے تحت شروع دن سے جدوجہد کررہے ہیں، اتحادی سیاست کے بہت تلخ تجربات سے گذرچکے ہیں، اپوزیشن اے پی سی میں اپنے دور حکمرانی میں کرپشن اور عوامی دولت کی لوٹ مار کی معافی طلب کرے تو بات ہوسکتی ہے کیونکہ ملک آج مہنگائی سمیت جن بحرانوں سے دوچار ہے اسکی ذمہ داربھی سابقہ حکمران جماعتیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتوں کیخلاف حالیہ نیب کی کاروائیوں میں حکومت میں شامل ہونے والے کرپٹ افراد کا بھی پیچھا کیا جائے اور صرف سیاستدانوں کی بجائے بیوروکریٹس اور جرنلز کی اقرباپروری کا بھی حساب کتاب ہونا چاہئے تاکہ عوام احتساب پر یقین کرسکیں۔آئندہ سال ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے، جماعت اسلامی کی خدمات عوام کے سامنے ہیں، جماعت اسلامی کسی چور کو بچانے کی بجائے،جمہوری اور سیاسی کردار ادا کرتی رہے گی لیکن ہم کسی اور کی پچ پر نہیں کھیل سکتے،پاکستان میں عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے ہم نے ہمیشہ بہترین کام کیا، کے پی کے حکومت میں دومرتبہ موجودہ امیر سینیٹر سراج الحق کی بطور وزیرخزانہ خدمات اور بجٹ میں عوام کیلئے کی گئی خدمات کو ہمارے دشمنوں نے بھی تسلیم کیا، کراچی میں عبدالستار افغانی اور نعمت اللہ خان اور بطور ایم ایم اے کے ارکان پارلیمنٹ کی شکل میں کراچی کے عوام کی ترقی اور خدمت کی،ملک کی تعمیر وترقی اورعوامی سوچ کو تبدیل کرنے کیلئے صحافی برادری اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ عوام تبدیلی کا مزاچکھ چکے ہیں، تبدیلی کے دعویداروں نے مدینے کی ریاست کی بجائے ریاست پاکستان کو معاشی، سیاسی اور ترقی کے حوالے سے ناکام ترین ریاست اور آئی ایم ایف کی غلام بناکر رکھ دیا ہے، بجلی،گیس، پیٹرول،سی این جی،چینی اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں دوسوفیصد اضافے سے عوام کا جینا دوبھر کردیا گیا،روزگار دینے کے دعویدارحکومت میں لاکھوں افراد بیروزگار اور ایک وقت کی روٹی کیلئے ترس رہے ہیںاسلئے عوام عصبیت،مال ودولت کی چکاچوند اور جھوٹے نعروں کی بجائے اپنے خیرخواہ اور دیانتدار قیادت کو منتخب کرے، جماعت اسلامی نے دعوے نہیں بلکہ حقیقی طور پر بہترین فلاحی کام کرکے دکھایا ہے، زلزلہ ہو یا طوفان، بارشیں ہوں یا سیلاب جماعت اسلامی کے کارکنان اور الخدمت فائونڈیشن کے رضاکاروں نے ہمیشہ عوام کی بڑھ چڑھ کر خدمت کی ہے اسلئے اب عوام کو اپنے اور اپنی آنے والی نسلوں کی بہتری اور روشن مستقبل کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہوگا،بصورت دیگر موجودہ مسائل سے چھٹکارہ حاصل کرنا اور ایک فلاحی واسلامی ریاست کا خواب پایہ تکمیل نہیں پہنچ سکے گا۔