نوازشریف کے حوصلے بلند ہیں ، پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کو نہ ملنے دینا فسطائی ذہنیت کی عکاسی ہے، شہباز شریف

عوام دشمن بجٹ کو مسترد کر چکے ، انشااللہ پاس ہونے نہیں دیں گے ، ممبران نواز شریف کے سپاہی اور شیر بن کر لڑینگے ، بجٹ پاس نہیں ہونے دیں گے ، پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب

منگل 25 جون 2019 21:38

نوازشریف کے حوصلے بلند ہیں ، پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کو نہ ملنے دینا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف نے کہاہے کہ نوازشریف کے حوصلے بلند ہیں ، پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کو نوازشریف سے نہ ملنے دینا فسطائی ذہنیت کی عکاسی ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر، اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے پارٹی کی پارلیمانی پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میں محمد نوازشریف کو جیل میں ملا تھا، ان کے جذبے بلند ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ محمد نوازشریف سے ملاقاتوں پر پابندی قابل مذمت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کو نوازشریف سے نہ ملنے دینا فسطائی ذہنیت کی عکاسی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ شہبازشریف نے محمد نوازشریف کی جانب سے پارٹی رہنماوں اور کارکنوں کیلئے نیک تمناوں کا پیغام پہنچایا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ محمد نوازشریف ملکی حالات پر بے حد پریشان ہیں،نوازشریف چاہتے ہیں کہ ہم سب سے عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لئے اپنا بھرپور کردارادا کریں ۔

شہبازشریف نے پارٹی ارکان کو بجٹ اجلاس میں بھرپور شرکت پر خراج تحسین کرتے ہوئے کہاکہ عوام دشمن بجٹ کو مسترد کر چکے ہیں ، انشااللہ پاس ہونے نہیں دیں گے ، ممبران نواز شریف کے سپاہی اور شیر بن کر لڑینگے ، بجٹ پاس نہیں ہونے دیں گے ۔انہوںنے کہاکہ آپ نے اپنی تقاریر کے ذریعے سے عوام کو درپیش مسائل کی بھرپور ترجمانی کی ۔انہوںنے کہاکہ عوام کو بہت اچھا پیغام گیا ہے کہ آپ پارلیمان میں ان کی آواز بنے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ عوام دشمن بجٹ کے خلاف عوامی امنگوں کی ترجمانی ہمارا بنیادی فرض ہے ۔انہوںنے کہاکہ آپ نے اپنے حلقوں کے عوام کی بھی بلاشبہ بھرپور نمائندگی کی ہے ۔انہوںنے کہاکہ بجٹ ایک مرحلے میں داخل ہورہا ہے، کٹوتی کی تحاریک میں حاضری کو یقینی بنائیں اور بھرپور کردار ادا کریں۔ شہبازشریف نے کٹوتی کی تحاریک کی تیاری پر جاوید مرتضی عباسی، شازہ خواجہ، محسن رانجھا، عائشہ پاشا ، ڈاکٹر ارادت، سعد وسیم اور دیگر ارکان کو شاباش دی ۔شہبازشریف کی جانب سے قومی اسمبلی اجلاس میں بیک بینچرز کی کارکردگی کی بھی تعریف کی گئی ۔ انہوںنے کہاکہ(آج) بدھ کو’اے پی سی‘ میں وفد کی صورت شرکت کریں گے۔